بھارت نے دریائے چناب کا مزیدپانی مقبوضہ کشمیر میں بگلیہارڈیم پر روک لیا

بھارت نے دریائے چناب کا مزیدپانی مقبوضہ کشمیر میں بگلیہارڈیم پر روک لیا
بھارت نے دریائے چناب کا مزیدپانی مقبوضہ کشمیر میں بگلیہارڈیم پر روک لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سیالکوٹ (صباح نیوز)بھارت نے دریائے چناب کا مزیدپانی مقبوضہ کشمیر میں بگلیہارڈیم پر روک لیا،جس سے ہیڈمرالہ کے مقام پر دریائے چناب کے پانی کی آمد بارہ ہزار ایک سو 67کیوسک سے بھی مزید کم ہوکر آٹھ ہزار سات سو چھیانوے کیوسک رہ گیا ۔

پانی کمی کی وجہ سے نہروں میں بھی پانی کم ہوجانے سے لاکھوں ایکٹر رقبہ پر سیالکوٹ، نارووال،گوجرانوالہ ودیگر اضلاع میں کاشت شدہ فصلوں کو نقصان پہنچا ،جہاں کسانوں اور کاشتکاروں نے ٹیوب ویلوں کا پانی استعمال کرنا شروع کردیا،1960ء میں سابق صدر جنرل ایوب خان کے دور میں بھارت کے ساتھ ہونے والے سندھ طاس معاہدہ کے تحت بھارت دریائے چناب میں ہر لمحہ55ہزار کیوسک پانی چھوڑنے کا پابند تھا لیکن بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بگلیہارڈیم پر پانی روک لیا جس کی وجہ سے پانی کی مقدار کم ہوگئی۔ کم پانی ہوجانے سے دریائے چناب کا ستانوے فیصد حصہ خشک ہوگیا،ہیڈمرالہ سے نکلنے والی نہر مرالہ راوی لنک کے مکمل بند ہو جانے اور دوسری نہر کا پانی اٹھارہ ہزار کیوسک سے کم ہوکر صرف چار ہزار سات سوکیوسک رہ گیا۔

ترجمان ایری گیشن کے مطابق مقبوضہ کشمیر سے آکر دریائے چناب میں شامل ہونے والے دودیگر دریاؤں دریائے مناور توی کے ایک ہزار ایک سو سات کیوسک اور دریائے جموں توی کے ایک ہزار سات سو باون کیوسک پانی کے شامل ہونے سے دریائے چناب کے مجموعی پانی کی آمد گیارہ ہزار چھ سو 55کیوسک رہا تاہم صرف دریائے چناب کے پانی کی آمد آٹھ ہزا ر سات سو چھیانوے کیوسک رہی