وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرمریم نواز کو والد سے ملنے کی اجازت مل گئی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو اپنے بیمار والد سے ملاقات کی اجازت مل گئی ۔نجی نیو ز چینل دنیا نیوز کے مطابق مریم نواز کو میاں نواز شریف سے ملاقات کی اجازت مل گئی،وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ملاقات کرانے کی ہدایت کی تھی۔ن لیگ نے مریم نواز کی نواز شریف سے ملاقات کی اجازت ملنے کی تصدیق کردی ہے،پنجاب حکومت سے اجازت ملنے کے بعد مریم نواز اپنے والد سے ملنے کے لیے جیل سے روانہ ہو گئی ہیں ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عدالت نے مریم نواز کو اپنے والد سے ملنے کی اجازت نہیں دی تھی ،مریم نواز نے درخواست کی تھی کہ نیب کورٹ سے جاتے ہوئے تھوڑی دیر کے لیے ہسپتال میں نواز شریف سے ملاقات کی اجازت دے دیں جس پر جج نے درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ دونوں کی سماعت 25اکتوبر کی رکھ دی ہے ،عدالت میں ہی مل لیجیے گا ۔