سندھ میں جو کچھ ہوا اس سے ملک میں انتشار بڑھے گا، مولانا فضل الرحمن

  سندھ میں جو کچھ ہوا اس سے ملک میں انتشار بڑھے گا، مولانا فضل الرحمن

  

 لاڑ کانہ (آئی این پی) جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کراچی سے مسلم لیگ(ن)کے رہنما کیپٹن(ر)صفدر کی گرفتاری کو وفاقی حکومت کے ہتھکنڈے قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں انتشار بڑھے گا۔ لاڑکانہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا جو لوگ ضمانتوں پر ہیں ان کی ضمانتیں منسوخ کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سندھ میں جو کچھ ہوا اس قسم کے ہتھکنڈوں سے ملک میں انتشار بڑھے گا، اشتہاری ملزم سے ایف آئی آر کٹوائی گئی۔ حکمرانوں کو عام آدمی کا احساس ہی نہیں، ان کی نااہلی سے ملک کی معیشت تباہ ہوگئی اب ہمیں ملک کو بچانا ہے، ہم اپنے موقف پر قائم ہیں اور اس کو آگے لے کر جائیں گے۔ ہم نے طے کرنا ہے کہ ہم نے کس راستے سے جانا ہے اور جلسے میں کس طرح شریک ہونا ہے، سکیورٹی کا مسئلہ ہمارا نہیں، اگر وہ اسے نہیں پورا کرسکتے تو ہمیں بتائیں تاکہ ہم اپنے رضاکاروں کو میدان میں اتار کر انہیں بتائیں کہ جو قومی خزانے سے تنخواہ اور مراعات لے کر نہیں کرسکتے وہ ہمارے رضاکار کرسکتے ہیں۔ جلسے نتیجہ خیز ثابت ہوں گے، اس میں اگر کی گنجائش نہیں، جہاں تک استعفے کا مسئلہ ہے ہمارے اعلامیہ میں دیے گئے چند آپشنز میں سے یہ آپشن بھی موجودہے۔ پولیس نے یکطرفہ طور پر خود رد عمل دیا، افسران خود کو ذہنی دبا میں سمجھتے ہیں، یہ مسئلہ سندھ کا نہیں، پورے ملک میں یہی حال ہے کہ سول انتظامیہ کے اختیارات پر فوجی افسران کی گرفت موجود ہے، اس روش سے دستبردار ہونا چاہیے تاکہ ایک ملک ہوکر ہم آگے چل سکیں۔ لاپتہ افراد کا مسئلہ پاکستان کا مستقل مسئلہ ہے اور مسلسل لوگ اپنے پیاروں کیلئے اسلام آباد میں کئی مرتبہ اکٹھے ہوئے ہیں تاہم سخت دل لوگوں کو رحم نہیں آرہا، اگر وہ ریاست کے دشمن ہیں تو آئین و عدالتیں موجود ہیں، اس سے کم از کم ان کے والدین کو تو معلوم ہو گا کہ اس کا جرم کیا تھا اور ان کے گھروں میں روز روز کے ماتم کا بھی خاتمہ ہوگا۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ن)اسمبلی کی سب سے بڑی جما عت ہے تاہم وہ پھر بھی کہتے ہیں کہ دھاندلی ہوئی ہے۔ یہاں صورتحال یہ ہے کہ جس کے پاس 30فیصد ووٹ نہیں انہیں 70فیصد اور جن کے پاس 70فیصد ووٹ ہے انہیں 30فیصد ووٹ دیا گیا۔ سی پیک کے فیصلوں سے متعلق ہم حکومت کو کھلواڑ کرنے نہیں دیں گے۔

فضل الرحمن

مزید :

صفحہ اول -