تحریک انصاف چھوڑنے کی خبروں پر جہانگیر ترین کا موقف بھی آگیا

تحریک انصاف چھوڑنے کی خبروں پر جہانگیر ترین کا موقف بھی آگیا
تحریک انصاف چھوڑنے کی خبروں پر جہانگیر ترین کا موقف بھی آگیا

  

 ملتان(آئی این پی) جہانگیر ترین نے تحریک انصاف چھوڑنے کی خبروں کی سختی سے تردید کر دی۔

روزنامہ پاکستان کے مطابق جہانگیر ترین علاج کے لیے برطانیہ موجود ہیں، برطانیہ میں مستقل سکونت یا کسی دوسری پارٹی میں شمولیت کی قیاس آرائیاں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔ جہانگیر ترین انشا اللہ جلد صحت یاب ہو کر وطن واپس لوٹیں گے۔

یاد رہے کہ ابھی بھی جہانگیر ترین کو پارٹی کے ایک مضبوط دھڑے کی حمایت حاصل ہے اور ان کے خیر خواہوں میں وفاقی اور صوبائی وزرا بھی شامل ہیں۔ جہانگیر ترین اب تک عمران خان کے بعد پارٹی کے اہم ترین رہنما سمجھے جاتے رہے ہیں اور وہ خود کو موجودہ حکومت کے بانیوں میں بھی شمار کرتے ہیں کیونکہ 2018  کے انتخابات کے بعد پی ٹی آئی کے لیے حکومت سازی کے وقت ان کے ذاتی جہاز پرآزاد امیدواروں کو ملک بھر سے لا لا کر پارٹی میں شامل کیا جاتا تھا۔  

ضلع رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے جہانگیر ترین بنیادی طور پر ایک زمیندار اور بزنس مین تھے تاہم انہوں نے 2002 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ق کی طرف سے الیکشن لڑا اور وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی کابینہ میں زراعت کے ایڈوائزر کے طور پر شامل ہو گئے۔2004 میں جہانگیر ترین کو وزیراعظم شوکت عزیز کی کابینہ میں بطور وفاقی وزیر صنعت و پیدوار شامل کر لیا گیا جہاں انہوں نے 2007 تک خدمات سرانجام دیں۔ اس دوران ان کی شوگر ملز کا کاروبار بھی جاری رہا۔ 2008 کے انتخابات میں بھی جہانگیر ترین نے قومی اسمبلی کی نشست پر مسلم لیگ فنکشنل کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی۔

2011 کے اختتام پر انہوں نے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی اور ان کا شمار پارٹی کی اہم ترین شخصیات میں ہونے لگا۔ 2013 میں چیئرمین عمران خان نے انہیں پارٹی کا سیکرٹری جنرل نامزد کر دیا۔

وہ 2013 کے انتخابات میں کامیابی حاصل نہ کر سکے تاہم پارٹی میں اہم حثیت برقرار رکھی اور 2015 کے ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہو گئے۔تاہم دسمبر 2017 میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے انہیں اپنے کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپانے پر آئین کی دفعہ 62 ون ایف کے تحت کسی بھی سرکاری عہدے کے لیے تاحیات نااہل قرار دے دیا تھا۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -ملتان -