اظہر علی کو بیروزگار کرکٹرز کا مقدمہ لڑنا مہنگا پڑ گیا، ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی ہی خطرے میں پڑ گئی، نیا کپتان کون ہو سکتا ہے؟ نام بھی سامنے آ گئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کو بیروزگار کرکٹرز کا مقدمہ لڑنا مہنگا پڑ گیا کیونکہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ”پاداش“ میں ان کی کپتانی ہی خطرے میں پڑ گئی ہے اور ان کی جگہ بابراعظم یا پھر محمد رضوان کو قیادت سونپے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نئے ڈومیسٹک سسٹم نے سینکڑوں کرکٹرز کو بیروزگار کر دیا ہے، ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال کرنے کے معاملے پر بات چیت کا ارادہ لئے ہیڈکوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق،ٹیسٹ کپتان اظہر علی اور آل راﺅنڈر محمد حفیظ وزیر اعظم و چیف پیٹرن پی سی بی عمران خان سے ملاقات کیلئے گئے تھے، اس دوران اسلام آباد میں موجود بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان بھی اس میٹنگ میں شریک ہوگئے۔
نجی خبر رساں ادارے ایکسپریس نیوز کے مطابق عمران خان نے اس موقع پر کرکٹرز کے موقف کو تسلیم نہیں کیا لیکن پی سی بی کو یہ بات ناگوار گزری کہ تنخواہ دار ہونے کے باوجود کرکٹرز نے بغیر اطلاع کئے اپنے طور پر وزیر اعظم سے ملاقات کیوں طے کی، سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ نہ ہونے کی وجہ سے محمد حفیظ تو بچ نکلے مگر دیگر دونوں کرکٹرز سے باز پرس ہوئی، مصباح الحق فی الحال چیف سلیکٹر کا عہدہ گنوا بیٹھے ہیں، سابق کپتان نے زمبابوے سے سیریز کیلئے سکواڈ کا انتخاب کیا، دورئہ نیوزی کیلئے کھلاڑیوں کی سلیکشن ان کی آخری ذمہ داری ہوگی۔
اگرچہ مصباح نے پریس کانفرنس میں کہاکہ ان کے ایک عہدہ چھوڑنے کی وجہ وزیر اعظم سے ملاقات نہیں لیکن ذرائع یہی بتاتے ہیں کہ ان کے حکام سے تعلقات اب مثالی نہیں رہے، دوسری جانب اظہر علی کا ستارہ بھی گردش میں آ گیا ہے اور ان کی کارکردگی جا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے اور اس سے قبل ان کی چیف ایگزیکٹو وسیم خان سے ملاقات بھی ہو چکی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں قیادت سے ہٹاکر بابر اعظم کو ذمہ داری سونپے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ٹی 20 کے بعد ون ڈے کپتان بھی مقرر کئے جانے والے بابر اعظم پر تیسرے فارمیٹ کا اضافی بوجھ نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا تو محمد رضوان کو بھی ٹیسٹ کپتان بنایا جاسکتا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ دورئہ نیوزی لینڈ سے قبل متوقع ہے، سکواڈ کا اعلان زمبابوے کیخلاف سیریز ختم ہونے پر نومبر کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے موجودہ سکواڈ میں سب سے زیادہ 81ٹیسٹ کھیلنے والے اظہر علی نے سرفراز احمد کو ہٹائے جانے پر12 ماہ قبل ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سنبھالی تھی جبکہ دورہ انگلینڈ کے تیسرے ٹیسٹ میں انہوں نے 141 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی مگر اس کے باوجود پاکستان کو سیریز میں 0-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ محمد رضوان اس سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔