بوکھلاہٹ کے شکار حکمرانوں کے دن گنےجاچکے، حکومت کے سابق اتحادی سرداراختر مینگل کھل کر میدان میں آگئے

بوکھلاہٹ کے شکار حکمرانوں کے دن گنےجاچکے، حکومت کے سابق اتحادی سرداراختر ...
بوکھلاہٹ کے شکار حکمرانوں کے دن گنےجاچکے، حکومت کے سابق اتحادی سرداراختر مینگل کھل کر میدان میں آگئے

  

کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد اور تحریک انصاف حکومت کے سابق اتحادی سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ بوکھلاہٹ کے شکار حکمرانوں کے دن گنے جا چکے، 25اکتوبر کا جلسہ عام تاریخی ہوگا ،چھ نکات پر عملدرآمد نہ کرنے پر ہم نے حکومت سے علیحدگی اختیار کی،غیر جمہوری قوتوں کے خلاف تحریک کا آواز بلوچستان کی سیاسی جماعتوں نے کیا،اس بار ملک بھر کی تمام جمہوریت پسند جماعتیں متحد ہیں،بلوچستان کے قومی حقوق کے حصول کی جدوجہد جاری رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق سریاب میں پارٹی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سردار اختر مینگل نے کہا کہ 25اکتوبر کا دن جیسے جیسے قریب آ رہا ہے حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہوتے جا رہے ہیں،کوئٹہ میں ہونے والا جلسہ عام تاریخی ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات کے بعد ہم نے حکومت کی حمایت کی لیکن حکومت  چھ نکات پر عملدرآمد میں ناکام رہی جس پر ہم نے حکومت سے علیحدگی اختیار کر لی، بلوچستان کے مسائل ہمارے لئے زیادہ اہم ہیں ،ہم چاہتے تھے کہ لوگوں کے بنیادی مسائل حل ہوں لیکن حکمران دعوؤں تک محدود رہے، ہم نے  بلوچستان کے ماؤں بہنوں، بزرگوں کی حقیقی آواز کو ایوانوں تک ضرور پہنچایا،ہمارے لئے بلوچ اور بلوچستان کی عوام زیادہ اہمیت کے حامل ہیں ،ہم نے ہمیشہ ثابت قدمی، مسلسل اور طویل جدوجہد کے ذریعے اپنے اُن شہداء کے خیالات و افکار کو پروان چڑھایا جنہوں نے بلوچستان کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ،بی این پی شہداء کے احساسات و جذبات کی حقیقی ترجمانی کرتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہوتے جا رہے ہیں، انہیں احساس ہے کہ وہ جس طرح حکمران بنے اب ذہنی پریشان لاحق ہے کہ 25اکتوبر کو ملک بھر کی تمام جمہوری قوتیں یکجا ہو کر حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہونگی، حکمرانوں کے دن گنے جا چکے، بلوچستان کی قومی حقوق کے حصول کی جدوجہد ہماری لئے اولین ترجیحات میں شامل ہے، ہمیشہ بلوچستان ہی سے قوم پرستوں کی نظریاتی سیاست کے ذریعے غیر جمہوری قوتوں کے خلاف آواز بلند ہوئی اور اب بھی 25اکتوبر کو بھرپور عوامی قوت کا مظاہرہ کریں گے۔ 

مزید :

علاقائی -بلوچستان -کوئٹہ -