"کلین اینڈ گرین کشمیر"سردار تنویر الیاس کی ہدایت پر 200 سے زائد سیاحتی مقامات پر صفائی مہم ، سول سوسائٹی اور طلباء نے سب کو حیران کردیا

"کلین اینڈ گرین کشمیر"سردار تنویر الیاس کی ہدایت پر 200 سے زائد سیاحتی مقامات ...

  

مظفرآباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) آزاد کشمیرکے صدر اورریاست کےسینئروزیر سردار تنویر الیاس خان کی ہدایت پر "کلین اینڈ گرین کشمیر کےویژن" کے تحت آزاد کشمیر بھر کے سیاحتی مقامات پر صفائی کا اہتمام کیا گیا،کلین اینڈ گرین کشمیر پروگرام کے تحت پورے آزاد کشمیر کے دس اضلاع کے 200 سے زائد سیاحتی مقامات پر صفائی کی گئی،محکمہ سیاحت کے عملے،طلبہ،سول سو سائٹی،تاجروں اور عام شہریوں کی بڑی تعداد نے بڑھ چڑھ کر صفائی کے عمل میں حصہ لیا اور سردار تنویر الیاس کی جانب سے "کلین اینڈ گرین کشمیر ویژن"کو سراہتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ حکومتی سطح پر جنت نظیر وادی کے حقیقی حسن کو بحال کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جو انتہائی خوش آئند ہیں۔صفائی مہم کے دوران سیاحتی مقامات سے کوڑا کرکٹ جمع کر کے بیگز میں ڈال کر ٹھکانے لگایا گیا۔

سینئر وزیرسردار تنویر الیاس خان  نے آئندہ سیاحتی مقامات کی صفائی کے حوالے سے محکمہ سیاحت کو خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔ جن کے تحت آئندہ ایس او پییز کے تحت جملہ سیاحتی مقامات کو صاف رکھنے کے لیئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔مظفر آباد میں سرخ قلعہ،دریائے نیلم،پیر چناسی سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر صفائی کا اہتمام کیا گیا۔میر پور میں منگلا جھیل کے کنارے پر لوگوں کی بڑی تعداد نے اجتماعی طور پر صفائی کی،کوڑا جمع کیا اور علاقے کی صفائی کی،راولاکوٹ میں بنجوسہ جھیل کے گرد نواح میں محکمہ سیاحت کے عملے نے سول سو سائٹی کے نمائندوں سے مل کر صفائی کی،پلندری اور سدھنوتی کے تاریخی سیاحتی مقامات پر صفائی کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

کوٹلی میں سیاحتی مقامات پر صفائی کی گئی۔بھمبر میں تارئخی قلعہ،مقبرہ جہانگیر سمیت دیگر سیاحتی مقامات کی صفائی کی گئی۔ضلع باغ میں سیاحتی مقامات پر ہفتہ صفائی کےآخری دن باغ شہر میں تاریخی مقام قلعہ کی صفائی بھی کر دی گئی،سیاحتی مقامات پر ہفتہ صفائی کے دوران ڈپٹی کمشنر باغ محمد صابر مغل، ایس ایس پی زاہد مرزا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیاحت خضر تیمور،انفارمیشن آفیسرسردار محمد پرویز خان،مجسٹریٹ بلدیہ سردار سرفراز بیگ کے علاوہ محکمہ سیاحت، میونسپل کارپوریشن ، انتظامیہ سمیت متعدد محکمہ جات کے آفیسران و اہلکاران کے علاوہ تاجران، شہریان، سول سو سائٹی، طلباء اور صحافیوں نے صفائی کے عمل کی نگرانی کی اور بھر پور حصہ بھی لیا،سیاحتی مقامات پر ہفتہ صفائی کے دوران نیلا بٹ سے صفائی کا عمل شروع کیا گیا جو لسڈنہ، گنگا چوٹی سمیت دیگر مقامات کو صاف کرنے کے بعد باغ قلعہ میں اختتام پذیر ہوا۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنر باغ محمد صابر مغل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے، حکومتی ہدایات کے مطابق مختلف مراحل میں ہفتہ صفائی کا عمل جاری رہا جس کا دوسرا مرحلہ مکمل ہونے جا رہا ہے، باغ کو صاف ستھرا بنانے کا عزم کر رکھا ہے، شہر سمیت سیاحتی مقامات کو صاف ستھرا بنا نا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ آئندہ کوئی بھی جگہ گندی نہ ہو اور جہاں بھی کچرا جمع ہو عوام بھی نشاندہی کریں اور تعاون بھی کریں تا کہ کچرا اٹھایا جا سکے اور عوام گندگی اور کچرا ایک جگہ ڈیمپ کریں تا کہ کچرا اٹھانے میں آسانی ہو۔اس موقع پر  اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ سیاحت باغ خضر تیمور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قدرت نے ضلع باغ کو اس قدر حسین بنایا ہے کہ ہم دعوے سے کہہ سکتے ہیں کہ دنیا کے خوبصورت مقامات ہمارے باغ میں موجود ہیں سیاحتی مقامات کو صاف ستھرا رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، حکومت آزاد کشمیر نے مرحلہ وائز سپیشل ہفتے بنانے کا اعلان کیا جس میں پہلے مرحلے کے اندر شہر اور مضافات میں صفائی ہوئی اور دوسرے مرحلے میں سیاحتی مقامات کو صاف کیا گیا اس تمام تر مہم کے دوران میونسپل کارپوریشن، ضلعی انتظامیہ سمیت تمام اداروں اور انجمن تاجران، انجمن شہریان، طلباء سول سو سائٹی اور میڈیا نے بھر پور تعاون کیا جس پر سب کے شکر گزار ہیں۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ سیاحت نے کہا کہ باغ ہمارا گھر ہے اس کو صاف ستھرا رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، باغ میں بے شمار سیاحتی مقامات ہیں، جہاں پر ہر سال لاکھوں کی تعداد میں سیاح پورے آزاد کشمیر اور پاکستان کے علاوہ بیرونی دنیا سے بھی آتے ہیں، سیاحتی مقامات کی صفائی سے باغ کا بہترین چہرہ پیش ہوتا ہے، سیاحتی مقامات صاف ہونگے تو آنے والے سیاح یہاں سے بہترین تا ثر لیکر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے آزاد کشمیر میں بے روز گاری کا خاتمہ ہو سکتا ہے ،محدود وسائل میں ہم سیاحوں کو بہترین سولیات دے رہے ہیں اور آنے والے دور میں مزید بہتری لائیں گے، انہوں نے سیاحتی مقامات پر ہفتہ صفائی کے دوران تعاون کرنے والے تمام مکاتب فکر کا شکریہ ادا کیا۔

مزید :

علاقائی -آزاد کشمیر -مظفرآباد -