"ہم کرپشن جیسی غلیظ چیز کے قریب کبھی نہیں گئے"خورشید شاہ نے رہائی ملتے ہی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا 

"ہم کرپشن جیسی غلیظ چیز کے قریب کبھی نہیں گئے"خورشید شاہ نے رہائی ملتے ہی ...

  

سکھر(ڈیلی پاکستان آن لائن)پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خوشیداحمد شاہ نے کہا ہے کہ ہم کرپشن جیسی غلیظ چیز کے قریب کبھی نہیں گئے، میرے خلاف آج تک کوئی چیز ثابت نہیں ہوئی۔

سپریم کورٹ کے حکم پر ضمانتی رہائی حاصل کرنے کے بعدسید خوشیداحمد شاہ اپنی رہائش گاہ پہنچے، جہاں ان کا کارکنان، حلقے کے عوام نے پرتپاک استقبال کیا۔شرکا سے گفتگو میں خورشید شاہ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  میں نے اپنی زندگی کےدوسال جیل میں کاٹے ہیں، میرے خلاف بڑی سازشیں ہوئیں مگر مجھے کوئی نہیں جھکاسکا، میری آزادی پرپورے ملک میں خوشیاں منائی گئیں، مجھےاپنی بے جا قید پر کسی سے کوئی شکایت نہیں کیونکہ یہ سزا عوام سے محبت کی وجہ سے مل رہی ہے،ہمیں پارلیمنٹ میں بیٹھے ہر شخص کا احترام کرنا چاہیے،آج سیاستدان کے نام کو بدنام کیا جا رہا ہے، سیاست دان عوام کامحافظ ہوتاہے،ہمیں سیاست دان ہونے پر فخر ہے،ان لوگوں نے مجھے جیل میں ڈالااورکوئی چیزثابت نہ کرسکے،میں آپ کاخادم تھا اور خادم رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جیسے ہی نوٹس لیتے ہیں مہنگائی میں اضافہ ہوجاتا ہے، پٹرول کی قیمت آسمان پرہے اور آج ڈالرکہاں سے کہاں پہنچ گیا ہے؟ہمیں عوام کوخوشحالی طرف لے جاناچاہیے، ملک کاسب سے بڑامسئلہ تعلیم کا ہے، تعلیم دو،عقل دو،سوچ دو تب ہی ملک ترقی کرےگا، خارجہ پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے آج کوئی ہم سے فون پر بات نہیں کرتا، ایک زمانہ تھا جب ہم اشارہ کرتے تھے تو سارے ممالک کھڑے ہوجاتے تھے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -سکھر -