بھارتی نژاد رشی سنک کے برطانیہ کا اگلا وزیر اعظم بننے کے امکانات روشن ہوگئے

بھارتی نژاد رشی سنک کے برطانیہ کا اگلا وزیر اعظم بننے کے امکانات روشن ہوگئے
بھارتی نژاد رشی سنک کے برطانیہ کا اگلا وزیر اعظم بننے کے امکانات روشن ہوگئے

  

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن)  اگر بورس جانسن اور پینی مورڈانٹ پیر تک 100 ایم پیز کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو برطانیہ کے بھارتی نژاد  سابق وزیر خزانہ رشی سنک ملک کے اگلے وزیر اعظم بن سکتے ہیں۔ سنک کو پہلے ہی پارلیمنٹ کے 142 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ بورس جانسن، جنہیں جولائی میں وزارت عظمیٰ سے ہٹا دیا گیا تھا اور انہوں نے ستمبر میں عہدہ چھوڑ دیا  تھا، اس وقت انہیں 59 ارکان پارلیمنٹ کی حمایت حاصل ہے۔ پینی مورڈانٹ کے پاس 29  ووٹ ہیں۔ اگر جانسن اور مورڈانٹ دونوں پیر تک 100 ایم پیز کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو رشی سنک خود بخود وزیراعظم بن جائیں گے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق جمعرات کو اعلان کردہ قواعد کے تحت زیادہ سے زیادہ تین ٹوری ایم پیز انتخاب لڑ سکیں گے، کیونکہ پارٹی نے امیدواروں کے لیے  100 ایم پیز کی حد مقرر کی ہے،  پارلیمنٹ میں  پارٹی کے  کل 357 ایم پیز ہیں۔ رشی سنک نے  اتوار کو باضابطہ طور پر  وزیر اعظم کے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے   کہا کہ ان کا مقصد معیشت کو ٹھیک کرنا، پارٹی کو متحد کرنا اور  ملک  کی خدمت کرنا ہے۔

خیال رہے کہ بورس جانسن کے بعد منتخب ہونے والی برطانیہ کی وزیر اعظم لز ٹرس نے عہدہ سنبھالنے کے صرف 45 دن بعد ہی مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔