جوہی چاولہ بالی ووڈ کی امیر ترین حسینہ، فلمسازوں کے بچوں میں ہریتھک روشن کا غلبہ

Oct 23, 2024 | 04:43 PM

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )اداکارہ جوہی چاولہ بالی ووڈ کی امیر ترین حسینہ ہیں جبکہ فلم سازوں کے بچوں میں ہریتھک روشن کا غلبہ ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کی امیر ترین اداکارہ کون ہے؟ اس سوال پر ذہن میں عالیہ بھٹ، دیپیکا پڈوکون، پریانکا چوپڑا یا ایشوریا رائے بچن کے نام آتے ہیں لیکن یہ نام بالکل غلط ہیں۔ 
ایک 56 سالہ حسینہ نے تمام بڑی کمائی کرنے والی حسیناؤں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جو ایک فلم کے لیے 4 سے 8 کروڑ روپے وصول کرتی ہیں۔
ہورون رچ لسٹ 2024 میں 90ء کی دہائی کی اس اداکارہ کا نام جوہی چاولہ ہے، یہ جان کر حیرت ہوگی کہ کوئی بھی بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاولہ کی دولت کے قریب بھی نہیں ہے۔ 
ہورون رچ لسٹ 2024ءکے مطابق جوہی چاولہ بالی ووڈ کی امیر ترین اداکارہ ہیں جن کی کل دولت تقریباً 1 کھرب52ارب روپے( 4600 کروڑ بھارتی روپے) ہے۔
اداکارہ جوہی چاولہ کی آمدنی کا بڑا حصہ کاروبار سے آتا ہے، ریڈ چلیز گروپ میں ان کا بڑا حصہ ہے۔ اس کے علاوہ جوہی چاولہ آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی شریک مالک ہیں، ان کے شوہر کروڑ پتی بزنس مین جے مہتا ہیں۔
جوہی چاولہ نے اپنے شوہر کے ساتھ مشترکہ کاروبار میں بھی سرمایہ کاری کر رکھی ہے، اداکارہ رئیل سٹیٹ میں بھی سرمایہ کاری کرتی ہیں، جوہی چاولہ کی آخری ہٹ فلم 2009 میں’لک بائی چانس‘ تھی۔ 
اس فلم کو بنانے میں 15 کروڑ روپے خرچ ہوئے جبکہ فلم نے 29 کروڑ روپے کمائے تھے، اس کے بعد بھی جوہی چاولہ کئی فلموں میں نظر آئیں لیکن کامیاب نہ ہو سکیں۔
ایشوریا رائے کا نام اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، اداکارہ کے پاس28 ارب روپے کے اثاثے ہیں۔پریانکا چوپڑا اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں جن کی کل جائیداد کی مالیت 21 ارب47کروڑ روپے ہے۔
دیپیکا پڈوکون اور عالیہ بھٹ کا نام بھی ٹاپ 5 امیر ترین اداکاراﺅں کی فہرست میں شامل ہے، عالیہ بھٹ کے اثاثہ جات 18 ارب17کروڑ روپے ہیں جبکہ دیپیکا پڈوکون کی کل دولت 16ارب52 کروڑ روپے ہے۔
سٹار کڈ کی اصطلاح فلمی اداکاروں اور فلم سازوں کے بچوں کے لیے استعمال کی جاتی ہے، سب سے امیر بھارتی سٹار کڈز میں سر فہرست اداکار سے فلم ساز بنے راکیش روشن کے بیٹے ہریتھک روشن ہیں جو اس وقت ’سٹار کڈز‘ میں سب سے امیر ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ہریتھک کے پاس 1 کھرب 2 ارب روپے کی مجموعی دولت ہے جنہوں نے فلم سازوں کے بچوں میں اپنے ہم عصر سیف علی خان ، ابھیشیک بچن اور رنبیر کپور کو پیچھے چھوڑ دیا۔
ہریتھک کی مجموعی دولت سلمان اور عامرسے بھی زیادہ ہے ، سلمان خان 95 ارب 80کروڑ روپے اور عامر خان 59 ارب روپے سے زائد کے مالک ہیں جبکہ سیف علی خان کی مجموعی دولت 39ارب روپے ہے۔ 
اداکاروں کی بات کی جائے تو سیف علی خان کی دولت 39.64 ارب روپے، رنبیر کپور 13 ارب اور ابھیشک بچن کی دولت 9 ارب رو پے سے زائد بنتی ہے۔
دوسری جانب جنوبی سٹار رام چرن 44.27 روپے، رجنی کانت13.21ارب ، کپل شرما 9.91 ارب روپے کے ساتھ امیر ترین بھارتی ٹی وی سٹار ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق امیر ترین ٹی وی شخصیت کوئی اداکار نہیں بلکہ تفریحی شو کے کامیڈین میزبان کپل شرما ہیں جو بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑ کر سب سے امیر بھارتی ٹیلی ویژن سٹار بن گئے ہیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق کپل شرما فی شو 5 کروڑ بھارتی روپے لیتے ہیں، ان کی مجموعی دولت کا تخمینہ9 ارب91کروڑ روپے ہے۔
فارچیون انڈیا کے مطابق کپل شرما نے مالی سال 2024 میں 26 کروڑ روپے کا ٹیکس ادا کیا۔

مزیدخبریں