پاکستان کا ایشین جونیئر جوڈو چیمپئن شپ کےلئے 5 رکنی ٹیم کا اعلان

پاکستان کا ایشین جونیئر جوڈو چیمپئن شپ کےلئے 5 رکنی ٹیم کا اعلان

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان جوڈو فیڈریشن نے تائیوان میں ہونے والے ایشین جونیئر جوڈو چیمپئن شپ کیلئے 5 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ ایونٹ میں 3 کھلاڑی اور 2 آفیشلز پاکستان کی نمائندگی کرینگے ۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سیکرٹری مسعود احمد خان کے مطابق ایشین جونیئر جوڈو چیمپئن شپ 28 ستمبر سے 3 اکتوبر تک تائیوان کے شہر تائپے میں منعقد ہوگی اور ایونٹ میں شرکت کیلئے قومی ٹیم 26 ستمبر کو روانہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کیلئے جن کھلاڑیوں کو منتخب کیا ان میں شاہ حسین شاہ ، شاہ زیب اور سید سمیع اللہ شامل ہیں جبکہ افیشلز میں ایران سے تعلق رکھنے والے سجاد کاظمی بطور کوچ اور مسعود احمد خان بطور منیجر ٹیم کے ہمراہ ہونگے ۔ سیکرٹری نے کہا کہ سمیع اللہ اور وہ اسلام آباد سے روانہ ہونگے جبکہ شاہ حسین شاہ اور شاہ زیب جاپان جبکہ سجاد کاظمی ایران سے براہ راست تائیوان میں ٹیم کو جوائن کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کیلئے قومی کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی ہے اور ان سے بہت توقعات وابستہ ہیں ۔مسعود احمد خان نے کہا کہ چیمپئن شپ میں سمیع اللہ 55کلو گرام ، شاہ زیب 56کلو گرام اور شاہ حسین شاہ 100کلو گرام کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی