آسٹریلیا جانے والے 16 سری لنکن شہریوں کا وطن واپسی کا فیصلہ

آسٹریلیا جانے والے 16 سری لنکن شہریوں کا وطن واپسی کا فیصلہ

سڈنی (اے پی پی) سیاسی پناہ کیلئے آسٹریلیا جانے والے 16 سری لنکن شہریوں نے مشکل حالات سے بچنے کیلئے وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا جنہیں ایک پرواز کے ذریعے کولمبو روانہ کیا گیا۔ آسٹریلیا کے وزیر امیگریشن کرس بون نے ہفتے کے روز ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ سری لنکا کے مذکورہ شہریوں کو دور دراز چھوٹے جزیرے نیرو جبکہ دیگر افراد کو پاپوانیوگنی کے جزیرہ مانس بھیجنے کی تیاریاں جاری تھیں جہاں ان کیلئے تا حال رہائش سمیت دیگر سہولیات ناپید ہیں۔ ان افراد نے وہاں کے مشکل حالات سے بچنے کیلئے رضا کارانہ طور پر سیاسی پناہ کے بجائے ملک واپسی کا فیصلہ کیا جنہیں آج ایک پرواز کے ذریعے کولمبو روانہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ جزائر میں ان افراد کو کم از کم ایک مہینہ خیموں میں گزارا کرنا پڑتا اس کے علاوہ وہاں دیگر سہولیات بھی ناکافی ہیں۔ حکومت وہاں مستقل رہائشی سہولتوں کیلئے کوشاں ہے مگر اس میں وقت لگے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ لوگ جو سیاسی پناہ کے خواہشمندوں کو یہ امید دلا کر لوٹتے ہیں کہ ایک دفعہ انہیں آسٹریلیا کا ویزا مل گیا تو ان کے وارے نیارے ہو جائیں گے وہ انہیں گمراہ کر رہے ہیں یہاں آنے والوں کو قانونی عمل سے گزرے بغیر کچھ ملنے والا نہیں۔ واپس جانے والے تو چلے گئے تاہم باقی افراد کو ان دور دراز جزیروں پر بھیجنے کا عمل جاری رہے گا۔

مزید : عالمی منظر