سٹیل ری رولنگ ملز ایسوسی ایشن کے نئے عہدیداروں کا انتخاب

سٹیل ری رولنگ ملز ایسوسی ایشن کے نئے عہدیداروں کا انتخاب

لاہور(وقائع نگار) پاکستان سٹیل ری رولنگ ملز ایسوسی ایشن کے نئے عہدیداروں کا انتخاب عمل میں آگیا ہے۔ اتفاق رائے سے سال 2012-13ءکے لیے علی احمد کو پاکستان سٹیل ری رولنگ ملز ایسوسی ایشن کا چیئرمین، میاں مراد اشرف کو وائس چیئرمین لاہور سرکل جبکہ غلام علی بھاٹیہ کو وائس چیئرمین کراچی سرکل منتخب کیا گیا ہے۔ ایگزیکٹو کے لیے منتخب ہونے والے اراکین میں لاہور سرکل کے لیے میاں مراد اشرف، میاں طارق وحید، عصمت پرویز ملک، میاں عارف محمود، خواجہ جاوید اقبال اور خالد جاوید جبکہ کراچی سرکل کے لیے علی احمد، غلام علی بھاٹیہ، شاہنواز اشتیاق، افتخار علی، خالد خان اور ارشاد موجی شامل ہیں۔ نئے عہدیداروں کا اعلان لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پاکستان سٹیل ری رولنگ ملز ایسوسی ایشن کے 51ویں سالانہ اجلاس عام کے موقع پر کیا گیا۔ سٹیل انڈسٹری کے لیڈرز حافظ محمد اکبر، میاں محمد اشرف اور سٹیل انڈسٹری سے وابستہ صنعتکاروں و تاجروں کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ اجلاس عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سٹیل ری رولنگ ملز ایسوسی ایشن لاہور سرکل کے وائس چیئرمین میاں مراد اشرف نے حکومت کی توجہ کچھ لوگوں کی جانب سے 7000روپے فی ٹن ٹیکس چوری کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ اس سے سٹیل انڈسٹری سے وابستہ ایماندار ٹیکس دہندگان کی حوصلہ شکنی ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے متعدد بارفیڈرل بورڈ آف ریونیو کی توجہ ٹیکس چوری کی جانب مبذول کرائی لیکن کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ میاں محمد اشرف نے کہا کہ حکومت بجلی اور گیس کی چوری روکنے کے لیے ٹھوس اور سخت اقدامات اٹھائے کیونکہ اس کی وجہ سے سٹیل انڈسٹری کو بہت شدید مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بل ریکوری کی شرح 98فیصد ہے جو ملک کے دیگر حصوں کی نسبت بہت زیادہ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سٹیل انڈسٹری پر انکم ٹیکس کی شرح 0.5%جبکہ ودہولڈنگ کی شرح 3.5% فی ٹن ہے جو مجموعی طور پر 3000روپے فی ٹن بنتی ہے جبکہ سٹیل مصنوعات پر منافع کی شرح صرف پانچ سو روپے ہے۔ اس طرح سٹیل انڈسٹری کو خسارے کا سامنا ہے۔ پاکستان سٹیل ری رولنگ ملز ایسوسی ایشن کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین میاں طارق وحید نے کہا کہ سٹیل انڈسٹری کو بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سے مثتثنی قرار دیا جائے اور سٹیل انڈسٹری کے لیے بجلی و گیس کی قیمتیں کم کی جائیں تاکہ یہ بڑی صنعت بقاءکی جنگ لڑ سکے۔ پاکستان سٹیل ری رولنگ ملز ایسوسی ایشن کے انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان کرنے سے قبل سبکدوش ہونے والے چیئرمین میاں طارق وحید نے ری رولنگ انڈسٹری کی کارکردگی پر تفصیلاً روشنی ڈالی۔ اجلاس کے شرکاءنے سبکدوش ہونے والے شرکاءکو خراجِ تحسین پیش کیا۔

مزید : کامرس