برطانیہ میں اسلامی کتب کی فروخت میں نمایاں اضافہ
لندن (اے پی پی) امریکہ میں بننے والی گستاخانہ فلم اور فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے بعد برطانیہ میں اسلامی کتب کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ عرب سیٹلائٹ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق مغربی لندن میں کتب فروشوں نے بتایا ہے کہ گزشتہ برس انہی مہینوں کے مقابلے میں رواں سال اسلامی کتب کی فروخت میں 20 سے 30 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ لندن کے ایک بک سیلر نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں برطانوی شہری قرآن کریم کے ترجمے اور اسلام کے تعارف پر مبنی کتب دھڑا دھڑ خرید رہے ہیں۔ واٹرسن نامی بک سٹور کے ایک عہدےدار نے بتایا کہ برطانیہ میں دینی کتابوں کی مانگ میں عمومی طور پر کمی ہوئی ہے تاہم اسلام سے متعلق انگریزی زبان کی کتابوں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔