راجن پور، سیلاب متاثرین کی خیمہ بستی وزیر اعظم کے جاتے ہی ختم

راجن پور، سیلاب متاثرین کی خیمہ بستی وزیر اعظم کے جاتے ہی ختم

راجن پور(مانیٹرنگ ڈیسک) راجن پور میں وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے دورہ کیلئے بسائی گئی متاثرین سیلاب کی خیمہ بستی وزیراعظم کے جاتے ہی ختم کردی گئی۔ راجن پور کی انتظامیہ نے وزیراعظم کی سیلاب متاثرین سے ملاقات کیلئے راتوں رات بستی داہ لاکھ کے مقام پر 50 خیموں پر مشتمل خیمہ بستی بسادی، جس میں خواتین، بچے اور بزرگوں کو لا کر بسایا گیا، میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا گیا، تاہم وزیراعظم نے اس خیمہ بستی کا دورہ نہیں کیا۔ وزیراعظم کے جاتے ہی انتظامیہ نے خیمے اکھاڑ دیئے اور میڈیکل کیمپ میں لائی گئی ادویات ایمبولینس میں رکھ کر لے گئے۔ ڈی سی او راجن پور امان اللہ غازی کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی طرف سے کئی خیمہ بستیاں بسائی گئی ہیں مگر متاثرین خود ہی بستیوں سے خیمے اکھاڑ کر اپنے گھروں کے قریب لے جا کر نصب کررہے ہیں۔ وہ اپنے گھروں کے قریب رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ متاثرین نے الزام لگایا کہ خیمے بارڈر ملٹری پولیس کے اہل کار اکھاڑ کر لے گئے ہیں۔

مزید : صفحہ آخر