تحفظ جنگلات کیلئے لاہور چیمبر اور صوبائی محکمہ جنگلات مل کر حکمت عملی وضع کرینگے

تحفظ جنگلات کیلئے لاہور چیمبر اور صوبائی محکمہ جنگلات مل کر حکمت عملی وضع ...

  



لاہور(کامرس ڈیسک) صوبائی محکمہ جنگلات نے جنگلات میں کمی کے مسئلہ پر قابو پانے اور زیرجنگلات رقبہ میں اضافہ کے لیے حکمت عملی وضع کی غرض سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے رابطہ کیا ہے۔ صوبائی محکمہ جنگلات کے نمائندہ نے لاہور چیمبر کو آگاہ کیا کہ محکمہ کی اعلیٰ شخصیات نے لاہور چیمبر کی جانب سے جنگلات کی اہمیت کو اْجاگر کرنے کی کاوش کا خیر مقدم کیا ہے اور اس سلسلے میں محکمہ لاہور چیمبرکی مشاورت سے مستقبل کی حکمت عملی وضع کرنے کا خواہشمند ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ لاہور چیمبر جنگلات کے تحفظ اور زیر جنگلات رقبہ میں ا ضافہ کے لیے صوبائی محکمہ جنگلات سے مل کر ہر ممکن اقدامات اٹھانے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیمینارز ،ورکشاپس اور مستقبل بنیادوں پر مہم چلاکر جنگلات کے تحفظ کے متعلق شعور و آگہی پیدا کی جاسکتی ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ جنگلات نہ صرف بہترین ماحول، صاف آب و ہوا، پانی اور انسانی صحت کے ضامن ہیں بلکہ معاشی حوالے سے بھی ان کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے لہذا ان کا تحفظ حکومت ، نجی شعبے اور عوام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں جنگلات کا شعبہ نظر انداز ہوتا آیا ہے لیکن یہ بات خوش آئند ہے کہ صوبائی محکمہ جنگلات نجی شعبے کے اشتراک سے تحفظ جنگلات اور زیرجنگلات رقبہ میں اضافہ کے لیے حکمت عملی وضع کرنا چاہتا ہے جو محکمہ کی سنجیدہ کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبہ کی جانب سے جنگلات کو بچانے کے لیے مل کر کام کرنے کے بہت دور رس نتائج برآمد ہونگے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ جنگلات کے شعبہ میں نجی شعبہ کی سرمایہ کاری بہت اہمیت کی حامل ہے، زیرجنگلات رقبہ بڑھاکر نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کے مسائل کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے بلکہ ان کے ذریعے خطے کے کئی ممالک کی طرح سیاحت کی صنعت کو بھی فروغ دیا جاسکتا ہے۔

مزید : کامرس


loading...