تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں ڈینٹل کا شعبہ قائم کیا جائیگا
لاہور ( جنرل رپورٹر) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ رواں مالی سال میں صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں ڈینٹل کا شعبہ قائم کر دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کے لئے رواں سال پانچ ارب 20 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے یہ بات سر گنگا رام ہسپتال کے شعبہ ڈینٹل آؤٹ ڈور میں دانتوں کی صحت کے بارے آگاہی پروگرام میں شرکت کے موقع پر کہی ۔ اس آگاہی مہم کا اہتمام ٹوتھ پیسٹ بنانے والی ایک کمپنی کے تعاون سے کیا گیا ۔ تقریب میں سر گنگا رام ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر نعمان مطلوب ، ڈینٹل شعبہ کے انچارج ڈاکٹر عاصم فاروقی ، کمپنی کے نمائندوں ، ڈاکٹر فرزانہ نذیر ، پروفیسر ممتاز اور دیگر ڈاکٹر ز نے شرکت کی ۔ ڈاکٹر نعمان مطلوب نے کہا کہ سرگنگا رام ہسپتال کے شعبہ ڈینٹل کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے جس کے لئے جلد ہی نئی مشینیں نصب کی جائیں گی ۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عام طور یہ بات مشاہدہ میں آئی ہے کہ لوگ دانتوں اور منہ کی صحت پر زیادہ توجہ نہیں دیتے حالانکہ دانتوں اور منہ کی بیماریاں بہت سی خطرناک جسمانی بیماریوں کی وجہ بنتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دانتوں کو صحت مند رکھ کر جسم کو صحت مند رکھا جا سکتا ہے ۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت بیماریوں کی روک تھام پر حصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ پری وینشن کو فروغ دے کر علاج معالجہ پر اٹھنے والے اخراجات کو کنٹرول کیا جا سکے ۔ انہوں نے نجی کمپنی کی جانب سے عوامی آگاہی کا پروگرام شروع کرنے کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر کو اپنی سوشل ذمہ داریاں پوری کرنے کے لئے آگے آنا چاہیے تاکہ صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جا سکے ۔