ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیم آج جیل روڈ اور مین بلیوارڈ کا دورہ کریگی

ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیم آج جیل روڈ اور مین بلیوارڈ کا دورہ کریگی

  



لاہور ( جنرل رپورٹر) سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہور، ایل ڈی اے، ٹریفک پولیس اور پی ایچ اے کی مشترکہ ٹیم آج جیل روڈ اور مین بلیوارڈ روڈ کا دورہ کرے گی اور سڑکوں کے اردگرد موجود کھدائیوں، فٹ پاتھوں کے ساتھ موجود جھاڑیوں،بعض جگہوں سے اینٹوں کے اکھڑنے، دونوں اطراف میں موجود خالی پلاٹوں کی بدنما دیواروں، نصب سائن بورڈوں کی حالت، ترقیاتی کاموں کے بعد پڑے ملبے وغیرہ کی موقع پر نشاندہی کرکے مرمت و خوبصورتی کے لیے متعلقہ محکمے کو تفویض کرے گی جبکہ ٹیم ایک ہفتہ کے اندر فیروزپور روڈ کے ایک حصے کی مکمل مرمت و بحالی کے لیے عملی منصوبہ بندی پیش کرے گی۔ مشترکہ ٹیم واضح طور پر ان کاموں کی تکمیل کا دورانیہ یعنی آغاز اور اختتام کے عرصہ کا بھی تعین کرے گی۔ ٹھوکر نیاز بیگ سے ٹریفک کے داخلہ و انخلا کو بہترین بنانے کے لیے تین کار لینز، ایک موٹر سائیکل، رکشا لین اور ایک بھاری ٹریفک لین کے ساتھ ساتھ دونوں اطراف میں سیکورٹی چیک سپاٹس بنائے جائیں گے جبکہ دستیاب جگہ پر پی ایچ اے درخت اور وپودے لگائے گی۔کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں خوبصورتی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں خصوصی طور پر چیئرمین لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری و وائس چیئرمین پی ایچ اے افتخار احمد نے بھی شرکت کی۔ ڈی سی او لاہور محمد عثمان، ڈی جی پی ایچ اے میاں شکیل احمد، چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ، جی ایم ایل ٹی سی خواجہ حیدر، لاہور پارکنگ کمپنی سے عثمان قیوم، مصطفی کمال لینڈ سکیپ ڈیزائنر، ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بلال ایم سید، ایم ڈی واسا چوہدری نصیر، محمد عزیر پنجاب ماس ٹرانزٹ کمپنی، و دیگر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔چیئرمین لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری نے کہا کہ انتظامیہ کی پوری کوشش ہونی چاہیے کہ کمیونٹی کو ساتھ ملا کر خوبصورت لاہور کے پروگرام کو تقویت دی جائے اور اپنے گھروں کے ساتھ ساتھ اپنی سڑکوں، فٹ پاتھوں، مسافر انتظار گاہوں وغیرہ کو بھی نفاست کے ساتھ صاف رکھا جائے اور سڑکوں کی مرمت و بحالی کو مستقل پیمانوں پر فعال کیا جائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...