ہسپتالوں کے وسائل اور ضروریات پوری کرنا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے،علی جان
لاہور(پ ر)صحت کی خدمات کے دائرے کو وسیع کرنا تحصیل اور ضلعی ہسپتالوں کے وسائل اورضرورت پوری کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔تحصیل اور ضلع کی سطح پر کام کرنے والے ہسپتالوں کو جلد ہی جدید آلات اورانسانی وسائل بشمول سپیشلسٹ ڈاکٹرز فراہم کی جائیں گی ۔ہسپتالوں کی عمارت، واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب،فرنیچر،ایکسرے ،سی ٹی سکین و دیگرجدید طبی و سرجیکل آلات ، سیکورٹی اور دیگر خدمات فراہم کر کے مطلوبہ سطح پر لایا جائے گا۔اس امر کا اظہا ر سیکرٹری پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ علی جان خان نے پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کی تین روزہ ورکشاپ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔اس ورکشاپ میں پنجاب کے اضلاع اور تحصیل میں کام آنے والے سرکاری ہسپتالوں کے 25میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، سرجن اور میڈیکل سپیشلسٹ اور ڈاکٹرز نے شرکت کی ۔
ورکشاپ کے مقاصد میں 40 منتخب تحصیل اورضلعی ہسپتالوں کے انفرااسٹرکچرکو بہتر بنانا،ان کو ضروریات اور دیگروسائل کی فراہمی کا جائزہ لینا سرکاری علاج گاہوں میں صحت کی خدمات کے کم ازکم معیارات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے منصوبہ بندی اور حکمت عملی تیار کرنا شامل ہے۔ اس تین روزہ ورکشاپ میں شرکاء کو ہیلتھ کئیر کمیشن کے مجوزہMSDSکے متعلق تفصیل سے بتایا جائے گا اور اس پر عمل درآمد کے طریقہ کار سمجھایا جائے گا۔اس موقع پر جھنگ اور وہاڑی اضلاع سے ایم ایس اور سرجن صاحبان نے اپنے ہسپتالوں میں موجود معیارات کا جائزہ پیش کیا۔پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کمیشن محکمہ صحت سے مکمل تعاون کے ذریعے ضلع اور تحصیل کی سطح پر کام کرنے والے 40منتخب سرکاری ہسپتالوں میں صحت کی سہولت کے معیار بہتر بنانے اورمتعلقہ اسٹاف کی ان معیارات پر عمل درآمد کے لیے تربیت اور انسپکشن کے ذریعے، حکومت پنجاب کے متعین کردہ اہداف کو پورا کرنے میں مکمل تعاون کرئے گا۔یاد رہے کہ چیف منسٹر پنجاب پہلے ہی صوبہ پنجاب کے ضلعی و تحصیل ہسپتالوں کی صورتحال بہتر کرنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جانے اور متعلقہ وسائل فراہم کرنے کی منظوری داے چکے ہیں۔ یہ ورکشاپ 22تا 24ستمبر تک لاہور میں جاری رہے گی۔