ٹیسٹ گرزکا حصول ملک کیلئے ایک تاریخی لمحہ ہے:وقاریونس

ٹیسٹ گرزکا حصول ملک کیلئے ایک تاریخی لمحہ ہے:وقاریونس

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ وقاریونس نے کہا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ چمپیئن شپ میس حاصل کرنا ملک کیلئے فخر کی بات ہے۔ لاہور میں آئی سی سی سے گرز وصول کرنا ایک ایسے ملک کیلئے تاریخی لمحہ تھا جہاں گزشتہ سات سالوں سے کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلا گیا ہو۔انہوں نے کہا کہ اس کامیابی پر ہر اس شخص کو داد دینی چاہیے جس نے اس پوزیشن کے حصول کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔ ٹیسٹ ٹیم کے مقابلے میں ہم ون ڈے میں جدید کرکٹ اپنانے میں بدقسمتی سے ناکام ہوئے ہیں جو اس طرز کیلئے تشویش کا باعث ہے۔ہم نے نہ تو کوئی منصوبہ بندی کی اور نہ ہی اپنے ڈومیسٹک نظام میں تبدیلی کی اور یہی ون ڈے میں ناکامی کی وجہ ہے۔ پی سی بی ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ پر بھی پاکستان سپر لیگ کی طرح توجہ مرکوز کرے۔ہمیں ایک روزہ ٹیم میں چند جارح مزاج بلے بازوں اور میچ ونرز کی ضرورت ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی