یاسر جان کی قسمت کھل گئی،آئی سی سی گلوبل اکیڈمی میں تربیت حاصل کرینگے

یاسر جان کی قسمت کھل گئی،آئی سی سی گلوبل اکیڈمی میں تربیت حاصل کرینگے

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے منفرد تیز گیند باز یاسر جان کو آئی سی سی کی گلوبل اکیڈمی میں تربیت کا موقعہ ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈیوڈ رچرڈسن نے پاکستان کے دونوں ہاتھوں کے ساتھ فاسٹ باولنگ کرنیوالے یاسرجان کے بارے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ڈیوڈ رچرڈسن کے دورہ پاکستان کے موقعہ پر جب انہیں یاسر جان کی اس خصوصی صلاحیت کے بارے علم ہوا تو انہوں نے نوجوان گیند باز کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کیں اور انہیں بالنگ کرتے ہوئے دیکھنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ ڈیوڈ رچرڈسن پاکستان ٹیسٹ ٹیم کو عالمی درجہ بندی میں نمبر ایک ٹیم کا اعزاز حاصل کرنے پر "گرز" دینے کی تقریب میں شرکت کے لیے قذافی سٹیڈیم میں موجود تھے۔یاسر جان کا تعلق چارسدہ سے ہے اور وہ ڈائمنڈ کرکٹ کلب اسلام آباد کیطرف سے کھیلتے ہیں لاہور قلندرز نے یاسر جان کے ساتھ دس سال کا معاہدہ بھی کیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے کہا ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا منفرد اعزاز ہے کہ ایک نوجوان کھلاڑی دائیں اور بائیں ہاتھ سے تیز گیند بازی کرتے ہیں۔ ڈیوڈ رچرڈسن نے یاسر جان کو دبئی میں آئی سی سی کی گلوبل اکیڈمی میں تربیت فراہم کرنے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی