وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا شرینگل اپردیر کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان

وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا شرینگل اپردیر کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( پاکستان نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے شرینگل اپر دیر کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ آئندہ 20دنوں کے اندر اس کا با ضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں تمام ضروریات کو حتمی شکل دی جائے ۔ وہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ممبر صوبائی اسمبلی محمد علی کی قیادت میں شرینگل اپر دیر کے سو رکنی وفد سے گفتکو کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر عنایت اللہ خان ، صاحبزادہ طارق اللہ ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو افضل لطیف ، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر حنیف اللہ ایڈوکیٹ، پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی رہنما عا لم زیب اور دیر کے تحصیلی وضلعی ممبران بھی موقع پر موجود تھے۔ ایم پی اے محمد علی سمیت وفد کے عمائدین حنیف اللہ ایڈوکیٹ ، عالم زیب اور صاحبزادہ طارق اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے شرینگل کو تحصیل کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا اور اس کی ضرورت اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے شرینگل کو تحصیل کا درجہ دینے کا عوام سے جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرنا اور عوام کے حقوق انکی دیلیز پر مہیا کرنا موجودہ صوبائی حکومت کا وژن ہے اور اس مقصد کے لئے دستیاب وسائل کے مطابق اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ یونیورسٹیوں میں مالی و انتظامی نظم و ضبط سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم دوست ماحول اور نظم و ضبط یقینی بنانے کے لئے ایک قانون بنا دیا ہے حکومت یونیورسٹیوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتی۔ تاہم موجودہ سسٹم میں غلط کاموں کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔مالی و انتظامی بے ضابطگیوں اور بے قاعدگیوں کے خلا ف ثبوت کی روشنی میں بھر پور کاروائی کی جائے گی۔ متعلقہ حکام قواعد و ضوابط کے مطابق اداروں کو چلانے کے پابند ہیں۔ترقیاتی کاموں کی سست روی سے متعلق بات کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں یہ واحد حکومت ہے جس نے 33ارب روپے بلدیاتی حکومتوں کو جاری کئے ہیں۔علاوہ ازیں صوبائی اداروں کی اپ گریڈیشن اور تعمیر و مرمت سمیت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کی مد میں خطیر رقم خرچ کی گئی ہے۔ جسکی وجہ سے صوبے میں ترقیاتی کاموں میں قدرے سستی آئی ہے تا ہم وہ وسائل پیدا کریں گے جس کے لئے طریقہ کار وضع کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئندہ چند ہفتوں میں ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز ہو جائے گی۔وزیر اعلی نے واضح کیا کہ دستیاب وسائل کے مطابق صوبہ چلتا ہے۔عوام قانون کے مطابق ٹیکس ادا کر کے اپنی ذمہ داری نبھائیں۔وہ یقین رکھیں کہ ان کی حکومت وسائل کی منصفانہ تقسیم اور شفاف استعمال کو یقینی بنا رہی ہے۔ان کی حکومت نے پورے صوبے کے لیے یکساں ترقیاتی حکمت عملی بنائی ہے جس کے تحت تمام اضلاع کو ترقی کے یکساں مواقع اور وسائل مہیا کیے جا رہے ہیں۔ہم صوبے کے وسائل کے اندر رہتے ہوئے کام کر رہے ہیں تا کہ توازن برقرار رہے۔ہمارے سامنے چیلنج زیادہ اور وسائل محدود ہیں۔تا ہم ہم نے صوبے کو ٹھیک کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور عوام کے تعاون سے مسائل پر قابو پا لیتے ہیں۔شہداء پیکج سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہداء کے لیے معاوضے کا ایک فارمولا وضع کر دیا ہے جس کے تحت متعلقہ حکام معاوضہ دینے کے ذمہ دار ہیں۔وہ ہر کام پر سیاست اور ہر بات پر بار بار اعلان کرنے پر یقین نہیں رکھتے۔ایک سسٹم دے دیا ہے جس پر عمل درآمد کر رہے ہیں۔اگر پھر بھی کسی کو شکایت ہو تو آگاہ کرے، ہم ازالہ کریں گے۔پرویز خٹک نے اس موقع پردیرمیں اتحادی جماعتوں کی باہمی مفاہمت کو خوش آئند قرار دیا اور اتحادی جماعتوں کے عمائدین پر زور دیا کہ ہم سب نے مل کر اس صوبے کو دیر پا ترقی کی راہ پر ڈالنا ہے۔اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور ایک دوسرے کو عزت و احترام دیں تا کہ اتحاد کا یہ سفر آگے بڑھے۔

مزید :

صفحہ اول -