نارتھ کیرولینا میں ہنگاموں کے بعد ایمرجنسی کا نفاذ
واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) امریکہ میں ایک بار پھر مشرقی ساحل پر واقع ریاست نارتھ کیرولینا کے شہر شارلیٹ نسلی بنیاد پر ہنگامے شروع ہوگئے ہیں جس کے بعد گورنر پیٹ میکوری نے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ اس دوران وائٹ ہاؤس سے آج جاری ہونے والے ایک بیان میں صدر اوبامہ نے واضح الفاظ میں نسلی عدم مساوات کے حوالے سے مظاہرین کی تشویش کا جائز قرار دیتے ہوئے انہیں مکمل تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ منگل کے روز معمول کی پولیس کارروائی کے دوران ایک پولیس آفیسر نے اپنے ساتھ الجھنے والے ایک سیاہ فام 43 سالہ کیتھ سکاٹ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا جس کے بارے میں پولیس کا بیان تھا کہ وہ مسلح تھا اور اگر اسے گولی نہ ماری جاتی تو وہ خود اپنی بندوق پکڑنے جا رہا تھا۔ اس خبر کے پھیلتے ہی سیاہ فام نوجوان سڑکوں پر آگئے اور انہوں نے لوٹ مار اور توڑ پھوڑ شروع کر دی۔ دیکھتے ہی دیکھتے ہنگامے بڑھ گئے اور پولیس سے تصادم شروع ہوگیا۔ اگلے روز ایسے ہی ایک مقابلے میں 14 افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک شدید زخمی ہوا۔ ہنگاموں پر قابو پانے کیلئے پولیس کی مدد کیلئے قانون کرنے والے دوسرے اداروں کے ارکان کے علاوہ مذہبی مبلغوں کی جماعتیں شارلیٹ پہنچ گئی، شہر کے میئر جینیفر رابرٹس نے مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں کو لوٹ جائیں اور انہیں یقین دلایا ہے کہ سارے معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائے گی۔