انتطامی امور میں غفلت، ٹینڈرز میں بے ضابطگیوں پر چیف ایگزیکٹو نندی پور پاور پراجیکٹ کیپٹن ریٹائرڈ محمد آصف معطل

انتطامی امور میں غفلت، ٹینڈرز میں بے ضابطگیوں پر چیف ایگزیکٹو نندی پور پاور ...

  



گوجرانوالہ(بیورورپورٹ)نندی پور پاور کیس کے سلسلہ میں میں وفاقی حکومت نے چیف ایگزیکٹو نندی پور کیپٹن ریٹائرڈ محمد آصف کو معطل کردیا،چیف ایگزیکٹو نندی پور کو کام سے روک دیا گیا ۔چیف ایگزیکٹو نندی پور کیپٹن ریٹائرڈ محمد آصف پر ٹینڈرز میں بے ضابطگیوں اور انتظامی امور میں غفلت کا الزام ہے،ذرائع کے مطابق چیف ایگزیکٹو نندی پور کو انکوائری ٹیم کی رپورٹ کی روشنی میں وفاقی حکومت نے معطل کیا۔ دوسری طرف نندی پور پاور سٹیشن سکینڈل میں مقدمے کا مدعی پولیس تفتیش میں ملزم بن گیا۔وفاقی حکومت نے آئل خریداری کا ریکارڈ ضائع کرنے کے مقدمے میں مدعی مقدمہ تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ نئے احکامات کے مطابق نندی پور پاور سٹیشن کے پراجیکٹ ڈائریکٹر تھانہ اروپ میں درج ہونے والے مقدمے کی پیروی کریں گے۔نندی پور پاور سٹیشن کا سکیورٹی انچارج کیپٹن ریٹائرڈ مہتاب عالم آئیل خریداری کے ریکارڈ ضائع کرنے کے مقدمے میں مدعی تھا جوکہ اب انکوائری رپورٹ میں بدلتی ہوئی صورتحال کے بعد پولیس تفتیش میں ملزم بن چکا ہے، زیرحراست ملزم سکیورٹی گارڈ بلقیاس خان نے بھی پولیس کو بیان دے دیا کہ اس نے یہ ریکارڈ سکیورٹی انچارج مہتاب عالم کے کہنے پر پھاڑا تھا۔ گوجرانوالہ پولیس کے حکام کو وزارت پانی و بجلی کی طرف سے ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں جس کے مطابق نندی پور پاور سٹیشن کے پراجیکٹ ڈائریکٹر تھانہ اروپ میں درج ہونے والے مقدمے کی پیروی کریں گے، حکام کے مطابق معطل سکیورٹی انچارج نے جو باتیں مقدمے میں چھپائیں ان کو بھی نئی درخواست میں مثل مقدمہ کا حصہ بنایا جائیگا۔ دوسری طرف پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معطل سکیورٹی انچارج کیپٹن ریٹائرڈ رانا مہتاب عالم کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، ملزم مہتاب عالم نے لاہور ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت کروارکھی ہے، ضمانت خارج ہونے کے بعد اسے مقدمے میں گرفتار کرلیا جائے گا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رانا مہتاب عالم کے خلاف صفحہ مثل پرموجود مواد اسکی گرفتاری کیلئے کافی ہے۔

مزید : صفحہ آخر


loading...