مہمند ایجنسی ،مسجد خودکش کے متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم

مہمند ایجنسی ،مسجد خودکش کے متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مہمند ایجنسی( نمائندہ پاکستان)مہمند ایجنسی، امبار پائی خان مسجد خود کش دھماکہ متاثرین میں گورنر کے اعلان کردہ امدادی پیکیج کے پچاس لاکھ روپے کے چیکس تقسیم۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر حد کور میں گورنر پروٹوکول آفیسر مسرت رضانے عمائدین کی موجودگی میں امدادی چیکس حوالے کر دیئے۔ گورنر کی طرف سے نیک خواہشات ان تک پہنچائے۔ تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی تحصیل امبار پائی خان مسجد میں گزشتہ جمعہ کو ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین کو پولیٹیکل انتظامیہ کی طرف سے فی شہید 3 لاکھ اور زخمی افراد کو ایک ایک لاکھ روپے اگلے روز ہی حوالے کر دی گئی تھی۔ ہفتے کے روز گورنر خیبر پختونخواہ اقبال ظفر جھگڑا کے دورہ امبار کے موقعہ پر گورنر کی طرف سے جاں بحق افراد کیلئے اضافی ایک ایک لاکھ اور زخمیوں کو پچاس پچاس ہزار روپے کے چیکس بھی حوالے کر دی گئی۔ اس سلسلے میں جمعرات کے روز تحصیل امبار کے ہیڈ کوارٹر حد کور میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر ہاؤس سے آئے ہوئے گورنر کے پروٹوکول آفیسر مسرت رضاء اور تحصیلدار فراموش خان نے عمائدین علاقہ ملک صاحب خان، ملک عزت خان اور دیگر کی موجودگی میں متاثرین کو مجموعی طور پر پچاس لاکھ پچاس ہزار روپے کے امدادی چیک حوالے کر دیئے۔ اس موقعہ پر مسرت رضاء نے امبار متاثرین کے ساتہ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے خصوصی دعا کی اور خود کش دھماکے کے شہیداء اور زخمیوں کے خاندانوں کو گورنر خیبر پختونخواہ اقبال ظفر جھگڑا کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ جس پر متتاثرین نے شکریہ اداکیا۔