زر مبادلہ ذخائر کم ہو کر 17 ارب 65 کروڑ ڈالر رہ گئے
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان اشرف وتھرا نے کہا ہے کہ مرکزی بینک کے زر مبادلہ کے ذخائر کم ہو کر 17 ارب 65 کروڑ ڈالر رہ گئے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں گورنر سٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ بیرونی قرضوں کی ادائیگی کی وجہ سے سٹیٹ بینک کے ذخائر میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیرونی قرضوں کی مد میں 23 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ادا کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر میں 19 کروڑ 70 لاکھ ڈالرکی کمی ہوئی ہے اور مجموعی ذخائر کی مالیت کم ہو کر 22 ارب 69 کروڑ ڈالر رہ گئی ہے۔ بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کے بعد مرکزی بینک کے زر مبادلہ کے ذخائر کم ہو کر 17 ارب 65 کروڑ ڈالر رہ گئے ہیں تاہم کمرشل بینکوں کے ذخائر 36 لاکھ ڈالر اضافے سے 5 ارب 4 کروڑ ڈالرہوگئے ہیں