پروفیسر خورشید احمد کا عقیدہ اسلامک بنک میں ایک پیسہ کا بھی شیئر نہیں، امیر العظیم

پروفیسر خورشید احمد کا عقیدہ اسلامک بنک میں ایک پیسہ کا بھی شیئر نہیں، امیر ...

  



لاہور(خبر نگا رخصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے ترجمان امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کے سینئر رہنما پروفیسر خورشید احمد کے حوالے سے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کو شر انگیز قرار دیتے ہوئے اسے پانامہ لیکس کے کرداروں سے عوام کی توجہ ہٹانے کی مذموم کوشش قرار دیا ہے ۔ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروفیسر خورشید احمد دنیا کے مایہ ناز ماہر اسلامک بنکنگ،اسلامک اکنامکس اور ماہر تعلیم اورمحقق ہیں اور انہوں نے عقیدہ اسلامک بنک سمیت دنیا بھر کے اسلامی بنکوں اور اسلامی مالیاتی اداروں کو بلا معاوضہ مشاورت فراہم کی ہے ۔جس کے نتیجے میں ان کو دنیا کی تین بین الاقوامی یونیورسٹیوں نے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگریوں سے نوازا ہے،پروفیسر خورشید احمد کو شاہ فیصل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ۔شاہ فیصل ایوارڈ کی رقم کو بھی انہوں نے پاکستان میں اسلامی تحقیق اور دین کے فروغ کیلئے وقف کردیا ۔حقیقت یہ ہے کہ پروفیسر خورشید احمد کا عقیدہ اسلامک بنک میں ایک پیسہ کا بھی شیئر نہیں اور نہ ہی انہوں نے مشاورت فراہم کرنے پر بنک سے ایک پیسہ بھی بالواسطہ یا بلا واسطہ اعزازیہ ،تنخواہ یا سفری اخراجات کی شکل میں وصول کیا۔ترجمان نے کہا کہ خبر کا مقصد جماعت اسلامی پاکستان کی کرپشن فری پاکستان تحریک کو سبو تاژ کرنا اور پانامہ لیکس میں بے نقاب ہونے والے سرمایہ داروں اور سیاست دانوں کی منی لانڈرنگ اور کرپشن سے عوام کی توجہ ہٹانا ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...