بھارت پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کیلئے بہانے ڈھونڈ رہا ہے، راشد نسیم

بھارت پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کیلئے بہانے ڈھونڈ رہا ہے، راشد نسیم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبر نگا رخصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے اپنے ایک بیان میں سندھ اسمبلی میں بانی ایم کیو ایم کے خلاف متفقہ طور پر پاس ہونے والی قرار داد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی طرف سے اپنی پارٹی کے بانی کے خلاف تحریک پیش کرنا قابل ستائش ہے ۔ایم کیو ایم نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے اور پاکستان مردہ باد کا نعرے لگانے والے کو اس قرار داد کے ذریعہ بھرپور جواب دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے لندن کی رابطہ کمیٹی کے چار ارکان کی رکنیت خارج کرکے اس بات کا بھی ثبوت دیا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اب بااختیار ہے اور مستقبل میں کوئی ایم کیو ایم کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں کرسکے گا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے اپنے اس عمل سے پاکستان سے محبت اور پاکستان دشمن قوتوں کو ایک واضح پیغام دیا ہے ۔امید ہے کہ ملک کی سیاسی قیادت اور محب وطن عوام ایم کیو ایم کے اس عمل کو قابل ستائش قرار دیں گے ۔راشد نسیم نے کہا کہ جس طرح ایم کیو ایم پاکستان نے فاروق ستار کی قیادت میں ملک سے بے وفائی اور غداری کا داغ دھویا ہے اسی طرح دہشت گردی ، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری جیسے داغ سے بھی اپنے دامن کو پاک کرلیں گے ۔ خطے کی صورتحال کے پیش نظر ملک میں قومی یکجہتی اور باہمی اتفاق و اتحاد کی ضرورت ہے ۔ بھارت پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کیلئے بہانے ڈھونڈ رہا ہے اور آئے روزکی سازشوں کی وجہ سے خطے میں ایک بے چینی اور سراسیمگی کا ماحول ہے ۔ان حالات میں ہمیں باہمی رنجشوں اورالزام تراشیوں کے بجائے ایک دوسرے پراعتماد کی فضا پیدا کرنی چاہئے ۔