عوامی رکشہ یونین کا ضلعی انتظامیہ کی وعدہ خلافی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
لاہور(کامرس رپورٹر) عوامی رکشہ یونین نے ایل پی جی کی قیمتیں کنڑول نہ کرنے اور ضلعی انتظامیہ کی وعدہ خلافی کے خلاف دوبارہ احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز عوامی رکشہ یونین کے مرکزی عہدیداران کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قیمتیں کنڑول کرنے میں ناکامی اورایل پی جی مافیا کی ہٹ دھرمی کے خلاف بھرپور جدو جہد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس اجلاس کی صدارت چیئرمین عوامی رکشہ یونین پاکستان مجید غوری نے کی۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ مذاکرات کے نام پر ہمیں بے وقوف بنا رہی ہے۔جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔ہم مذاکرات کے لئے اس وجہ سے فوری آمادہ ہو جاتے ہیں تاکہ عوام الناس کو ہماری وجہ سے کسی پریشانی کا سامنا نا کرنا پڑے۔پہلے ہی پورے شہر میں کھدائی کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے ان حالات میں سڑکیں بلاک کر کے ہم عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ نہیں کرنا چاہتے ۔لیکن ہمیں ایسا کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے لہٰذا آج سے ہم نے بھی نئی منصوبہ بندی کر لی ہے احتجاج اور مذاکرات ساتھ ساتھ چلیں گے تمام یونٹ اپنے اپنے سیکٹروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالیں گے۔ اس سلسلہ میں گارڈن ٹاؤن کے یونٹ نے پہلا احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت سیکرٹری جنرل حاجی رفاقت اور نائب صدر ذیشان اکمل نے کی ۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کا سلسلہ اب مطالبات پرعمل درآمد تک جاری رہے گا۔