بھارت دانستہ خطے کے حالات کو بگاڑنے کی کوشش کررہا ہے،علامہ ناصرعباس

بھارت دانستہ خطے کے حالات کو بگاڑنے کی کوشش کررہا ہے،علامہ ناصرعباس

  



اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ بھارت دانستہ طور پر خطے کے حالات کو بگاڑنے کی کوشش میں مصروف ہے۔مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر ظلم و بربریت کی سیاہ داستانیں رقم کرنے والے بھارت کا واویلا چور مچائے شور کے سوا کچھ بھی نہیں۔عالمی طاقتیں بھارتی مکاری سے بخوبی آگاہ ہیں وہ اقوام عالم کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتا۔ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور افواج پاک کا شمار دنیا کی بہترین سپاہ میں ہوتا ہے ارض پاک کو ترنوالہ سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں نکلتے ہیں۔ پاکستان کی طرف پیش قدمی کی کوئی بھی کوشش ہندوستان کی تباہی ثابت ہوگی۔ہماری آرمی اور پاکستان کے بیس کروڑ عوام پاکستان کا مضبوط دفاع ہے اور کسی بھی بیرونی جارحیت کو کچلنے کا بھرپور عزم اور مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔بھارت آگ و خون کے کسی بھی کھیل سے باز رہے۔انہوں نے کہ کہا وزارت عظمیٰ کے منصب نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے سر کو چکرا کر رکھ دیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ ان کے بیانات اور اقدامات سیاسی عقل و شعور سے عاری ہوتے ہیں۔بھارت میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات ان شرپسندوں او سازشی عناصر کی کارستانی ہے جو خطے میں امن کا قیام نہیں چاہتے۔ ہندوستان میں کسی بھی شر پسندی کے واقعہ کے فورا بعد بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر فوری الزام لگایا جانا سفارتی اصولوں کے خلاف اور بھارت کے حکمرانوں کی پاکستان دشمن ذہنیت کو آشکار کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت یہ بات ذہن نشین کر لے کہ امن کے سوا کوئی دوسرا آپشن کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں۔اس لیے دو طرفہ تعلقات کی بہتری پر توجہ دی جانی چاہیے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...