وزیراعظم نے کشمیریوں کی ترجمانی کی،بھارت جتنا چاہے چیخ لے،تاریخی حقائق نہیں بدل سکتے، پاکستان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے واضح کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے وزیراعظم پاکستان کے خطاب پر تنقید کے باوجود تاریخی اور زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوسکتے، خطے میں پائیدار امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، اقوام متحدہ مقبوضہ وادی میں رائے شماری کرائے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ وزیراعظم پاکستان نے اقوام متحدہ میں خطاب کے دوران کشمیریوں کی ترجمانی کی۔ سات دہائیاں گزرنے کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ حریت کم نہیں ہوسکا، بھارت چاہے جتنی مرضی تنقید کرلے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبا سکتا ہے نہ ہی تاریخی اور زمینی حقائق تبدیل ہوسکتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق
برہان وانی کےقتل کےخلاف مقبوضہ کشمیرمیں بڑےپیمانےپرمظاہرےہوئے،کشمیریوں کے پر امن احتجاج کو بھارتی فورسز نے طاقت سے کچلنے کی کوشش کی ، پیلٹ گنز کے استعمال کے باعث سیکڑوں کشمیری بینائی سے محروم ہوچکے ہیں جبکہ ایک سو سے زائد نے جام شہادت بھی نوش کیا۔مقبوضہ کشمیرکےعوام کاردعمل بھارتی مؤقف کومسترد کرتاہے.بیان میں واضح کیا گیا کہ پاکستان کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور سفارتی اور اخلاقی لحاظ سے ان کی بھر پور حمایت جاری رکھے گا۔ ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کا وعدہ پورا نہیں کیا،خطے میں پائیدار امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے لہذا اقوام متحدہ مقبوضہ وادی میں رائے شماری کرائے۔