اختلافات کے باوجود ملک دشمنوں کیخلاف متحد ہیں ،’مودی‘جب قوم آزادی کا فیصلہ کر لے تو اسے کوئی نہیں روک سکتا:عمران خان
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب ایک قوم آزادی کا فیصلہ کر لے تو اسے کوئی نہیں روک سکتا ،کشمیری عوام بھارت سے آزادی چاہتے ہیں ،اختلافات اپنی جگہ لیکن ہم دشمنوں کیخلاف متحد ہیں ۔
ٹیکسلا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھا کہ پاکستانی قوم فوج کے ساتھ کھڑے ہیں ،پاکستان میں فوج کی حمایت پر قوم میں کوئی اختلافات نہیں ہیں ،اختلافات اپنی جگہ لیکن ملک دشمنوں کیخلاف ہم متحد ہیں ،بیرونی مسائل کے حل کیلئے پوری قوم متحد ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی جب ایک قوم آزادی کافیصلہ کر لے تو اسے کوئی نہیں روک سکتا ،کشمیری عوام بھارتی فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں ،وہ بھارت سے آزادی چاہتے ہیں ،کشمیری بھارت کے سامنے سیسہ پیلائی دیوار ثابت ہو ئے ہیں جس پر میں مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتاہوں ۔عمران خان کا کہناتھا کہ کشمیر میں جتنی فوجوں کا استعمال کریں گے اتنی نفرتیں بڑھیں گی ،دعاہے جلد ہی وہ دن آئے جب مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی تقدیر کا فیصلہ کر سکیں اور اللہ تعالی کشمیریوں پر ظلم کا دور ختم کرے ۔
عمران خان کا کہناتھا کہ اگر طاقت کے زور پر غلام بنایا جاسکتاتو امریکہ افغانستان کو اپنا غلام بنا چکا ہوتا،مودی کو کہتاہوں کہ طاقت کے زور پر قوموں کو غلام نہیں بنایا جاسکتا ۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہناتھا کہ جس ملک میں کرپشن ہو وہاں کے ادارے تباہ ہو جاتے ہیں،ملک خوشحال ادارے مضبوط ہونے سے ہوتاہے ،انصاف کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ،ادارے مضبوط ہوں تو قوم مضبو ط ہوتی ہے ،قوم وسائل سے مضبوط نہیں ہوتی بلکہ اداروں سے مضبوط ہوتی ہے ۔