شام میں نو فلائی زون صرف دہشت گردوں کے فائدے میں ہے:حسن روحانی

شام میں نو فلائی زون صرف دہشت گردوں کے فائدے میں ہے:حسن روحانی
شام میں نو فلائی زون صرف دہشت گردوں کے فائدے میں ہے:حسن روحانی

  



تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ شام میں نو فلائی زون صرف دہشت گردوں کے فائدے میں ہے ، شام میں تمام مسائل کی جڑ دہشت گردی ہے اور دہشت گردوں کے پاس صرف ہوائی جہاز نہیں ہے جبکہ قتل عام اورحملے کے لئے ان کے پاس ہر طرح کے ہتھیارموجود ہیں، ایران ، آج داعش اور القاعدہ سمیت دہشت گردوں کے سامنے ایک بڑی دیوار کی طرح کھڑا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد تہران پہنچنے کے بعد ائیرپورٹ پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ خلیج فارس میں امریکی فضائیہ اور بحریہ کی موجودگی کی کیا ضرورت ہے ؟ خلیج فارس میں کوئی جنگ نہیں ہو رہی اور اگر کہیں جنگ ہو رہی ہے تو وہ یمن ہے جہاں سعودی عرب کے جنگی طیارے حملے کررہے ہیں اور افسوس کہ امریکی اسے روکنے کے بجائے سعودی عرب کی مدد کررہے ۔انہوں نے کہا کہ تہران مہم جوئی اور کشیدگی پیدا کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا کیونکہ مشرق وسطی کے پیچیدہ علاقے میں کشیدگی کسی کے فائدے میں نہیں ہوگی، خطے میں موجود امریکی فوجیوں کو بھی تمام بین الاقوامی قوانین کا احترام کرنا چاہئے۔ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ امریکا نے وعدہ کیا ہے کہ وہ ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد سے متعلق اپنے رویے میں اصلاح کرے گا ، ایران کی حکومت اس بات کی اجازت نہیں دے گی کہ امریکی حکام ، ایرانی عوام کی دولت کو نگل لیں۔

مزید : بین الاقوامی