منتخب نمائندوں کے مابین سرد جنگ ، یونین کونسل، 144،میں ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر

منتخب نمائندوں کے مابین سرد جنگ ، یونین کونسل، 144،میں ترقیاتی کام نہ ہونے کے ...

لاہور(سروے: دیبا مرزا: تصاویر : عمر شریف )صوبائی دارالحکومت کی یونین کونسل 114کے عوام تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کی باہمی چپقلش کی وجہ سے خوار ہو کر رہ گئے ، ترقیاتی کام بھی نہ ہونے کی وجہ سے اس یونین کونسل کی حالت زار اور عوام منتخب نمائندوں کو دہائیاں دے رہے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق یونین کونسل 114جس کے چیئرمین چودھری اظہر حسین پی ٹی آئی سے منتخب ہوئے ہیں جبکہ ان کے وائس چیئر میں عبدالقیوم گجر جماعت اسلامی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے ہیں اسی طرح سے اس یونین کونسل کے کچھ کونسلرز (ن) لیگ سے منتخب ہوئے ہیں اور کچھ کونسلرز پی ٹی آئی سے منتخب ہوئے ہیں دونوں جماعتوں کی نظریاتی سیاسی لڑائی کا اثر اس یونین کونسل پر بھی براہ راست پڑا ہے جس کی وجہ سے اس یونین کونسل میں ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر ہے حالانکہ اس یونین کونسل میں کینال روڈ کے سب سے بڑے اہم ہسپتال ڈاکٹرز ہسپتال‘ قائداعظم کمپلیکس جوہر ٹاؤن اور اس سے ملحقہ چھوٹے چھوٹے گاؤں جن میں نواں پنڈ گاؤں بھی آتے ہیں اس یونین کونسل میں آنیو الی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ،پینے کا صاف پانی بھی ناپید ہے بجلی کی لٹکتی بے ہنگم تاریں بھی لوگوں کے گھروں کے باہر سے گزر رہی ہیں اگر بارش ہو جائے تو نکاسی آب کا کوئی بھی بندوبست نہیں اور یہ بارشی پانی کئی کئی دنوں تک لوگوں کے گھروں کے باہر اور ان سڑکوں پر کھڑا رہتا ہے اس علاقے کی خستہ حالی یہاں کے منتخب عوامی نمائندوں کو منہ چڑا رہی ہے اور اس یونین کونسل کے عوام ایک بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں ۔اس حوالے سے چیئرمین چودھری اظہر حسین کا (ن) لیگ پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہر یونین کونسل کو لارڈ مئیر کی طرف سے یونین کونسل کے لئے 100،100 سٹریٹ لائٹیں دی گئیں لیکن مجھے یہ لائٹس ابھی تک بھی علامہ اقبال ٹاؤن والوں نے نہیں دی ہیں اسی طرح سے جب میں اپنی یونین کونسل کے لئے ترقیاتی فنڈزمانگتا ہوں تو مجھے کہا جاتا ہے کہ کیونکہ تمہارا تعلق پی ٹی آئی سے ہے اس لئے ہم تمہیں فنڈز نہیں دیں گے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میری یونین کونسل میں یہاں سے ایم پی اے اپنے کونسلرز کے ذریعے سے کام کروارہے ہیں تاکہ عوام کی نگاہوں میں مجھے نیچا دکھایا جا سکے ۔چیئرمین کے ان الزامات کے بارے میں جب یہاں سے (ن) لیگ کے کونسلرز نعیم اور سلیم سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ چئیرمین بلاوجہ کے (ن) لیگ پر الزامات عائد کرکے اپنی جان چھڑانے کی کوشش کررہے ہیں ان میں اتنی صلاحیت ہی نہیں ہے کہ یہ عوام کے مسائل حل کر سکیں ان کے ساتھ ہمیں بھی عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے منتخب کیا ہے اسی لئے جب یہ کوئی کام نہیں کرواتے تو پھر ہم مجبوری میں اپنے ایم پی اے سییف الموک کھوکھر کے پاس جا کر ان کے فنڈز اور ان کی ذاتی دلچسپی سے عوام کے کام کروانے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ عوام کے سامنے سر خرو ہو سکیں ۔جب اس یونین کونسل کے رہائشیوں سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تو کام چاہئے چاہے جو بھی کروائے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1