محرم الحرام میں سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اہم شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی

محرم الحرام میں سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اہم شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی

لاہور /اسلام آباد/پشاور /کوئٹہ(جنرل رپورٹر،نمائندہ پاکستان،مانیٹرنگ ڈیسک)محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پنجاب سمیت دوسرے صوبوں اوراسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔نجی ٹی وی کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگومیں یکم محرم سے 13 محرم الحرام تک موٹر سائیکل چلانے پر مکمل پابندی عائد لگادی گئی ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی 6 محرم الحرام سے یوم عاشور تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کے تحت کسی بھی قسم کے اجتماع اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہو گی۔دفعہ 144 کے تحت دارالحکومت میں کھلونا نما اسلحے پر پابندی کا اطلاق 2 ماہ تک رہے گا جبکہ ڈرونز کو ماتمی جلوس اور مجالس کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے ڈرون کیمرے کے استعمال پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔بلوچستان کی صوبائی حکومت نے کوئٹہ میں بھی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر یعنی یکم محرم الحرام سے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی جس کا اطلاق 10محرم تک رہے گا۔،انتظامیہ کے مطابق خلاف ورزی کرنیوالوں کو گرفتار کرکے ان کی موٹرسائیکل ضبط کی جائیگی۔محکمہ داخلہ پنجاب نے بھی 9 اور 10محرم کو لاہور میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تلاشی کے بغیر سامان ماتمی جلوسوں کے اندر نہیں لے جایا جاسکتا۔محکمہ داخلہ پنجاب نے مجالس اور جلوسوں کو طے شدہ اوقات پر ختم کرنے کی پابندی کی بھی ہدایات کی ہیں۔

ڈبل سواری /پابندی

مزید : صفحہ اول