حافظ سعیدنظربندی کیس ‘سیکرٹری داخلہ کو جواب داخل کرنے کیلئے 26ستمبر تک مہلت
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائی کورٹ نے حافظ سعید اور ان کے ساتھیوں کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سیکرٹری داخلہ کو جواب داخل کرنے کے لئے 26ستمبر تک مہلت دے دی۔ مسٹر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کیس پر سماعت کی، درخواست گزار حافظ سعید کے وکیل اے کے ڈوگر نے عدالت میں تحریری دلائل پیش کر دیئے جن میں کہا گیا ہے کہ نظر بندی کے خلاف درخواست پہلے ہی زیر التواء ہے لیکن حکومت نے کیس عدالت میں زیر سماعت ہونے کے باوجود نظر بندی میں نوے روز کی توسیع کر دی ہے جو غیر قانونی ہے، تحریری دلائل میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت نے ثبوت کے بغیر محض الزامات کی بنیاد پر نظر بند میں توسیع کی، دلائل میں کہا گیا کہ حکومت نے امداد بند کرنے کی دھمکی پر امریکہ کے کہنے پر حافظ سعید اور ساتھیوں کو نظر بند کرنے کا حکم دیا، انہوں نے استدعا کی کہ حافظ سعید اور ساتھیوں کی نظر بندی آئین اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، عدالت نظر بندی کے احکامات کالعدم قرار دے۔