کوک اسٹوڈیو کے سیزن 10 کے اختتام پر اسٹرنگز کی شاندار انداز سے واپسی

کوک اسٹوڈیو کے سیزن 10 کے اختتام پر اسٹرنگز کی شاندار انداز سے واپسی

لاہور(پ ر) کوک اسٹوڈیو میں چار سیزن سے موجود ایگزیکٹو پروڈیوسر اسٹرنگز نے تخلیقی میوزک کے ساتھ دنیا بھر میں سامعین کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے۔ اس سیزن کی آخری قسط میں علی ظفر اور علی حمزہ کے ساتھ وائٹل سائنز کا گانے 'اس راہ پرپیش کررہے ہیں اسٹرنگز بین الاقوامی طور پر مشہور پاکستانی پاپ راک بینڈ ہے ۔بینڈ نے سیزن 1 اور سیزن 2 میں انہوں نے سرکی، انجانے، دور، زندہ اور تتلیاں جیسے مشہور گیتوں پر شاندار پرفارمنس پیش کی۔ کوک اسٹوڈیو کے گیت 'اس راہ پر' کی دھن جعفر زیدی نے ترتیب دی۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ اس گیت پر اسٹرنگز پرفارم کرے ۔

اور انہوں نے اتفاق کیا۔ مجھے محسوس ہوتا ہے کہ یہ ایک اہم پیش رفت ہے کیونکہ وہ جنید جمشید اور وائٹل سائنز کو ذاتی طور پر جانتے تھے ۔ وہ اس گیت کو خاص اہمیت دیتے ہیں اور وہ اہمیت ناقابل بیان ہے ، میں اس گانے میں انکی پرفارمنس پر بہت خوش ہوں۔" سیزن 10 کی اس فائنل قسط میں دیگر تین گانے بھی شامل ہیں جن میں عائمہ بیگ اور شجاع حیدر کا 'بانورے، سجاد علی کا 'تیرا نام' اور شفقت امانت علی خان کا 'مولا تیرا نور' ہیں۔ سیزن 10 میں لوگوں کے مزاج سے ہم آہنگ میوزک تخلیق کرنے سے متعلق کوک اسٹوڈیو کے فلسفہ پر عمل درآمد جاری رہا۔ ایسی میوزک کی تخلیق جو معنوں سے بھرپور، روح پرور ہونے ساتھ متاثرکن بھی ہو۔ یہ سیزن اسپیشل رہا جس میں پاکستانی میوزک انڈسٹری کے سات عظیم گلوکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جو اب ہم میں موجود نہیں اور ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کی بدولت ہمیں اپنی بنیادوں کو ازسرنو دریافت کرنے میں مدد ملی اور اسکی بدولت ہمیں اپنے زرخیز ورثے کو آگے بڑھانے میں معاونت ہوگی۔ اس سیزن میں مختلف میوزک ڈائریکٹرز کے فارمیٹ کے ساتھ نو میوزک ڈائریکٹر ز شامل ہوئے جن میں شانی ارشد، علی حمزہ، جعفر زیدی، شجاع حیدر، سجاد علی، سلمان احمد، میکال حسن، ساحر علی بگا اور اسٹرنگز شامل ہیں ،وہ میوزک کی مختلف اصناف کے ساتھ کام کررہے ہیں جبکہ اسٹرنگز ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کررہا ہے۔ اس میں شامل آرٹسٹوں میں 40 سے زائد گلوکار اور 35 موسیقار ہیں جن میں عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی، عاریب اظہر، حمیرا ارشد، ساحر علی بگا اور سلمان احمد نے نمایاں انداز کے ساتھ پرفارم کیا جبکہ اس سیزن میں وقار احسن، عائمہ بیگ، فائزہ مجاہد، ارتعاش، زوو علی اور سانول عیسیٰ خیلوی جیسے نئے ابھرتے ہوئے پاکستانی ٹیلنٹ کو بھی سامنے لایا گیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 2