لوڈشیڈنگ فری پاکستان کا اعلان جلد کر دیا جائیگا‘ جاوید علی شاہ

لوڈشیڈنگ فری پاکستان کا اعلان جلد کر دیا جائیگا‘ جاوید علی شاہ

ملتان (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل جاوید علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی بحران کے خاتمے اور مستقبل میں بجلی ضروریات پوری کرنے کے لئے درجنوں پیداواری منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ پانی، ہوا، سورج کی روشنی، ایل این جی اور مختلف ذرائع سے بجلی کی پیداوار کے کئی منصوبے مکمل ہوگئے ہیں جبکہ کئی منصوبے دسمبر 2017 ؁ء اور مارچ2018 ؁ء تک مکمل (بقیہ نمبر28صفحہ12پر )

ہوجائیں گے ۔ یہ بات انہوں نے میپکو ہیڈ کوارٹر میں چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ فری پاکستان کا اعلان جلد کیاجائیگا ۔ پانی سے بجلی کی پیداوار کے لئے چھوٹے اور بڑے ڈیمزپر کام شروع ہے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری نے کہا کہ حکومتی اعلان کے بعد جنوبی پنجاب کے 13اضلاع کی عوام کو بہتروولٹیج کے ساتھ بلاتعطل بجلی فراہم کریں گے ۔ میپکو ریجن میں نئے گرڈاسٹیشنز کے قیام، پرانے گرڈاسٹیشنز کی اپ گریڈیشن، نئے ہائی ٹینشن فیڈرز کی تعمیر و تنصیب، بیلنسنگ ، بائفرکیشن کے سینکڑوں منصوبے مکمل ہوگئے ہیں جس سے ٹرپنگ، کم وولٹیج کی شکایات کا تقریباََ خاتمہ ہوگیاہے اور جن منصوبوں پر کام جاری ہے وہ اکتوبر کے اختتام تک مکمل کرلئے جائیں گے ۔وفاقی وزیر نے شجاع آباد اور گردونواح میں بجلی کی ترقیاتی سکیموں ، ہائی ٹینشن فیڈرز ،لوٹینشن پروپوزلز اور علاقہ میں صارفین کے مسائل بارے آگاہ کیا جس پر چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکونے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں ۔اس موقع پر چیف انجینئر ڈویلپمنٹ شاہد حمید چوہان، سپریٹنڈنگ انجینئر میپکو ملتان سرکل محمد اکرم بھٹی، پراجیکٹ ڈائریکٹر کنسٹرکشن غیاث محمود، منیجر پروکیورمنٹ ڈسٹری بیوشن صدیق اللہ خان، ڈپٹی منیجر پروکیورمنٹ میاں قیصر عباس، ایکسین کنسٹرکشن میپکوممتاز سولنگی ،ایکسین شجاع آباد ڈویژن رانا محمد تنویراورایکسین کنسٹرکشن ملتان سیف اللہ کلیم بھی موجود تھے ۔قبل ازیں ایک اور تقریب میں وفاقی وزیر آبی وسائل سید جاوید علی شاہ نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے جہاں تک ممکن ہو سکا وہ اپنا کردار ادا کریں گے کو شش کریں گے کہ عوام کے مسائل جلد از جلد حل ہوں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بستی ملوک میں سوئی گیس کے افتتاح کے موقع پر کیا اس موقع پر رانا اشتیاق احمد، صوبائی حلقہ 203کے صدر رانا غفار طالب، اختر حمید، رانا تسلیم امجد، جام عبد الرحمان، رانا سلطان، رانا دلشاد بھی موجود تھے جبکہ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) صوبائی حلقہ 203کے کارکنوں نے وفاقی وزیر آبی وسائل سید جاوید علی شاہ کا بستی ملوک پہنچنے پرشاندار استقبال کیا سید جاوید علی شاہ نے مزید کہا کہ کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں سب کا رکنوں کو ساتھ لیکر چلیں گے اور کارکنوں کے مسائل کے حل کے لئے ترجیح بنیاووں پر اپنا کردار ادا کریں گے ۔

جاوید علی شاہ

مزید : ملتان صفحہ آخر