بھارت سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں،مہم جوئی کی تو منہ توڑ جواب ملے گا:وزیر اعظم

بھارت سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں،مہم جوئی کی تو منہ توڑ جواب ملے گا:وزیر اعظم

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کا مقدمہ پیش کرتے ہو ئے خطے میں بھارتی جرائم کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ جبکہ بھارت کو کسی بھی مہم جوئی کے نتیجے میں منہ توڑ جواب کا بھی پیغام دیدیااور د نیا پر واضح کر دیا کہ بھا ر ت نے مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کو کچلنے کیلئے فوج تعینات کر رکھی ہے ۔گزشتہ روز وزیراعظم شاہد خاقان عبا سی کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72 ویں سالانہ اجلاس سے خطاب میں مزید کہنا تھا بدقسمتی سے اقوام متحدہ کے چارٹر کی مسلسل خلاف ورز یا ں کی جارہی ہیں، مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی کوششوں کو طاقت کے ذریعے سے کچلنے کیلئے 7 لاکھ بھارتی فوجی تعینات ہیں ۔ بھا رت کشمیر میں جنگی جرائم اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہورہا ہے،جبکہ اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کیلئے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتا ہے۔عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جرائم روکے، بھارت کو پاکستان میں تخریب کاری کی پشت پناہی بند کرنا ہوگی،ورنہ اسے کسی بھی مہم جوئی یا کولڈ اسٹارٹ ڈاکٹرئن کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔وزیراعظم نے بھارت کی طرف ایک بار پھر مذاکرات کا ہاتھ بڑھا تے ہوئے کہا پاکستان بھارت کیساتھ تمام حل طلب مسائل پر بات چیت کیلئے تیار ہے۔افغانستان سے متعلق دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا افغانستان کے مسائل کا فوجی حل نہیں، اس کیلئے مصالحت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا، افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ہیں جو سرحد پار کرکے پاکستان میں کارروائیاں کرتے ہیں۔پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بہت قربانیاں دیں، ہم نے اپنے فوجی جوانوں سمیت 70 ہزار شہریوں کا جانی نقصان اٹھایا ہے، اتنی قربانیوں کے باوجود افغانستان میں فوجی یا سیاسی تعطل کا الز ا م پاکستان پر لگنا تکلیف دہ ہے، ہم کسی کیلئے قربانی کا بکرا نہیں بن سکتے، نائن الیون کے بعد پاکستان کی کوششوں سے القاعدہ کا خاتمہ ہوا ۔ پاکستان افغان جنگ کو اپنی زمین پر لڑنے کیلئے ہرگز تیار نہیں اور نہ ہی ہم کسی ایسی پالیسی کی حمایت کرینگے جو پاک افغان عوام کی پریشانیوں میں اضافے کا باعث بنے۔ عراق اور شام میں داعش اگرچہ کمزور ہوگئی مگر دہشت گردی کے واقعات آج بھی دنیا میں جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا دنیا دیکھ رہی ہے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی ہورہی ہے۔پاکستان نے ایٹمی ہتھیار تب ہی بنائے جب اس کے ہمسائے ملک نے انہیں حاصل کیا۔ باہمی ترقی و خوشحالی کیلئے چینی صدر کا ویژن قابل تعریف ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے موقع پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی لباس زیب تن کیا ہوا تھا،ان کے ہمراہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی اور وفد کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔قبل ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ میں خدمات سرانجام دینے والے پاکستانیوں سے ملاقات کی اور دنیا میں امن و سلامتی کیلئے اقوام متحدہ کے مقاصد کو فروغ دینے میں ان کے کردار اور کام پر ان کا شکریہ ادا کیا، وزیراعظم نے انہیں پاکستان کی اقتصادی ترقی، ملک میں سلامتی کی بہتر ہوتی صورتحال اور جمہوریت کے استحکام سے آگاہ کیااور سوالات کے جوابات دیئے۔ دریں اثناء وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے ملاقات کی اور پا کستا ن میں پولیو کے خاتمے کیلئے ملکر کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیاجبکہ مختلف بیماریوں کیخلاف حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کا دائرہ وسیع کر نے سمیت مختلف شعبوں میں اپنی سرگرمیوں کو توسیع دینے میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا،پاکستان میں پولیو کے خاتمے کا مقصد حاصل کرنے کیلئے حکومت پاکستان کے عزم پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا شکریہ ادا کیا۔ بل گیٹس نے پاکستان کے عوام کیلئے مالیاتی خدمات قابل رسائی بنانے کیلئے دلچسپی کا بھی اظہار کیا تاکہ وہ آن لائن خدمات اور رقوم کی منتقلی کے قابل ہو سکیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول