امید ہے پاکستان کو واضح پیغام مل گیا ہو گا ، اب معاملات پہلے کی طرح نہیں چل سکتے ،افغان صدر کی ہرزہ سرائی

امید ہے پاکستان کو واضح پیغام مل گیا ہو گا ، اب معاملات پہلے کی طرح نہیں چل ...

واشنگٹن(این این آئی)افغانستان کے صدر اشرف غنی نے ایک مرتبہ پھر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہاہے کہ افغانستان میں امن کے قیام کے لیے پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کرنا انتہائی ضروری ہے۔ وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ یہ بات انہوں نے اقوامی متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے سائیڈ لائن ملاقات سے قبل کہی۔ملاقات کے بعد میڈیا کے سامنے ڈونلڈ ٹرمپ اور اشرف غنی دونوں نے پاکستان کا نام نہیں لیا۔ افغان صدر کا کہنا تھا کہ افغانستان میں طویل امریکی جنگ اور شدت پسندی کے بڑھتے ہوئے خطرے کو ختم کرنے کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گزشتہ ماہ اعلان کردہ منصوبے پر عمل درآمد کے لیے پاکستان کا کردار کلیدی ہے۔اشرف غنی نے کہا کہ دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔اشرف غنی نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ پاکستان کو اس بار واضح پیغام مل گیا ہوگا کہ اب معاملات پہلے کی طرح نہیں چل سکتے، یہ ان کے اور نہ کسی کے مفاد میں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امریکہ سے اس طرح پہلے کبھی مذاکرات نہیں کیے اور امید ہے کہ وہ دانشمندانہ قدم اٹھاتے ہوئے مشترکہ قومی مفادات کو ترجیح دے گا،افغان صدر سے ملاقات کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان اور دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے افغانستان کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ افغان ، امریکی فورسز نے مشترکہ طور پر طالبان کے خلاف بڑی اور موثر کامیابی حاصل کی ہے۔

افغان صدر

مزید : کراچی صفحہ اول