کرپٹ سیاستدانوں کا بوریا بستر گول کر کے اچھے کردار کے لوگوں کو اسمبلیوں میں بھیجیں:عاطف خان

کرپٹ سیاستدانوں کا بوریا بستر گول کر کے اچھے کردار کے لوگوں کو اسمبلیوں میں ...

مردان (بیورورپورٹ)صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ کرپشن اور ترقی ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ہم نے ملک کو آگے لے جانا ہے تو اس کے لیے سیاست کو کرپٹ مافیا سے آزاد کرنا ہوگا ۔ہمارے بزرگ اور نوجوانوں عہد کریں کہ اس بار پورے ملک سے کرپٹ سیاستدانوں کا بوریا بستر گول کر کے اچھے کردار کے لوگوں کو اسمبلیوں میں بھیجیں گے تاکہ پاکستان کو حقیقی معنوں ایک فلاحی ریاست بنایا جاسکے۔وہ گذشتہ روز یونین کونسل گجرات کے علاقے کمرگئی میں رابطہ پل کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منعقدہ جلسے سے خطاب کررہے تھے جس سے قومی اسمبلی کے رکن مجاہد خان ، ضلع کونسل کے رکن شیر بہادر خان ،سابق ناظم نگار خان اور حامد زمان نے بھی خطاب کیا ۔کمرگئی پل پر ساڑھے چار کروڑ روپے لاگت آئے گی اور پانچ مہینے کے اندر تعمیر کیا جائے گا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ پی کے30 کو ماضی میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بری طرح نظر انداز کیا گیا جس کا ہماری حکومت نے ازالہ کرتے ہوئے یہاں اب تک ایک ارب روپے سے زیادہ لاگت سے ایک سو کلو میٹر سڑکیں تعمیر کی ہیں جبکہ تین سو سے زیادہ ٹرانسفارمر اور ہزاروں پول نصب کیے ہیں درجنوں جنازہ گاہیں تعمیر کی گئیں ہیں اور نئے سکولوں کے ساتھ ساتھ موجودہ سکولوں میں اضافی کمرے اور سہولیات فراہم کی گئی ہیں جس سے اس علاقے میں عوام کو اسانیاں میسر آگئی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اسلام اور پختونوں کے نام ووٹ حاصل کرنے والوں نے رشوت اور کرپشن کے کلچر کو فروغ دیا جبکہ ہماری حکومت نے کرپشن کے سامنے بند باندھے اور سکولوں میں ناظرہ قران اور ترجمہ کے ساتھ قران کی تعلیم لازمی قراردیدیا ہے۔نجی سود اور انڈر پلے جیسے قباحتوں کے خلاف قوانین بنائے اور پولیس کے نظام میں بہتری لاتے ہوئے امن عامہ کو بہتر کیا۔اداروں کا قبلہ درست کردیا ہے او ر مؤثر قانون سازی کرکے سرکاری افسروں اوراہلکاروں کو حکومت اور عوام دونوں کے سامنے جوابدہ بنا دیا ہے ۔سکولوں اور ہسپتالوں میں عملے کی غیر حاضری کا کلچر ختم کردیا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ہمارے ملک کے نظام کو اپنے مقاصد کے لیے تباہ وبرباد کر کے رکھ دیا ہے غریب آدمی معمولی مقدمات میں جیلوں سڑ رہا ہے اور قومی دولت لوٹنے والے لٹیرے چور اور ڈاکو ایوانوں میں بیٹھے ہیں ہم عمران خان کی قیادت میں ظلم کے اس نظام کو بدلنے نکلے ہیں اور انشاء اللہ اگلے انتخابات میں عوام ہمارا بھرپور ساتھ دیں گے اور پورے ملک میں تبدیلی لائی جائے گی ۔محمد عاطف خان اس موقع پر علاقے کے لیے متعدد ترقیاتی سکیموں کا اعلان کیا اور پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں کو خیر مقدم کیا

مزید : کراچی صفحہ اول