سانول عیسیٰ خیلوی ابھرتے ہوئے اسٹار
کراچی (پ ر)موسیقی ہماری زندگی میں داخل ہوکر بے چینی، اضطراب اور دباؤ کا خاتمہ کرنے میں معاون ہے ۔موسیقار اپنی خداداد صلاحیت کی بدولت ہر سامع کی زندگی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کچھ لوگ پیدائشی موسیقار ہوتے ہیں اور اپنے خاندانی پس منظر کی بدولت مہارت حاصل کرتے ہیں جبکہ کچھ موسیقار وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اپنے اندر موسیقی کی مہارت دریافت کرتے ہیں۔ سانول عیسیٰ خیلوی ان باصلاحیت موسیقاروں میں شامل ہیں جو کوک اسٹوڈیو میں پہلی بار اسکے موجودہ سیزن میں اپنے والد عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کے ہمراہ خوبصورت خاندانی کلاسیکل موسیقی پیش کرتے نظر آرہے ہیں۔ ان کے پاس نہ صرف بہترین آواز ہے بلکہ اپنے والد کی سرپرستی کے باعث انہیں منظرعام پر آنے کا موقع ملا۔ یوں یہاں ٹیلنٹ اور ذہانت کا خوبصورت امتزاج بن گیا۔ بچپن سے ہی موسیقانہ ماحول میں پرورش پانے کے باوجود سانول نے پیشہ وارانہ طور پر بھی موسیقی کی تربیت حاصل کی۔ انہوں نے نصرت فتح علی خان ، مہدی حسن اور اپنے والد عطاء اللہ عیسی خیلوی جیسے گلوکاروں کی حوصلہ افزائی سے مہمیز حاصل کی۔ سانول روایتی اور لوک موسیقی میں مہارت رکھتے ہیں۔