پیپلزپارٹی قیادت پرویز مشرف کے بیان سے پریشان ہیں ،احمد حسین

پیپلزپارٹی قیادت پرویز مشرف کے بیان سے پریشان ہیں ،احمد حسین

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان مسلم لیگ سندھ ساؤتھ ریجن کے صدر احمد حسین نے کہا ہے کہ پرویز مشرف نے آصف علی زرداری کے حوالے سے جو اصل حقائق قوم کے سامنے رکھے ہیں ، پیپلز پارٹی کی قیادت ان حقائق سے پریشان اور بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے ۔ اس لیے وہ سابق صدر اور اے پی ایم ایل کے سربراہ پرویز مشرف کے خلاف جھوٹے اور من گھڑت الزامات لگا رہے ہیں ۔ آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کی قیادت یہ بتائے کہ انہوں نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں بینظیر بھٹو کے قتل کے حوالے سے کیا تحقیقات کیں ۔ ان کے دورے حکومت میں پیپلز پارٹی کی قیادت بے نظیر بھٹو قتل کیس سے لاتعلق رہ کر اقتدار کے مزے لوٹتی رہی اور بڑے پیمانے پر کرپشن کی گئی ۔ کرپشن میں ملوث جماعت پیپلز پارٹی کو عوام 2018 کے انتخابات میں بھی مسترد کر دیں گے اور پیپلز پارٹی کا انتخابات میں وہی حشر ہو گا ، جو حالیہ دنوں میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 120 میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کے ساتھ ہوا ہے ۔ پنجاب کو فتح کرنے کے دعوے کرنے والی پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات میں سندھ سمیت پورے ملک سے آؤٹ ہو جائے گی ۔ پیپلز پارٹی اب بھٹو کی جماعت نہیں بلکہ زرداری کرپشن لیگ ہے ۔ اپنے بیان میں احمد حسین نے کہا کہ پرویز مشرف نے آصف علی زرداری پر بے نظیر بھٹو اور مرتضی بھٹو کے قتل میں ملوث ہونے کے حوالے سے جو الزامات لگائے ہیں ، وہ درست ہیں ۔ پیپلز پارٹی پرویز مشرف پر تنقید کے بجائے اپنے گریبان میں جھانکے ۔ پیپلز پارٹی والے یہ بتائیں کہ انہوں نے اپنے دورے اقتدار میں بینظیر بھٹو اور مرتضی بھٹو کے قتل میں ملوث ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے اقدامات کیوں نہیں کیے ۔ اگر پیپلز پارٹی والے یہ کہتے ہیں کہ پرویز مشرف بی بی کے قاتل ہیں تو پھر آصف علی زرداری نے پرویز مشرف کو گارڈ آف آنر دے کر ایوان صدر سے رخصت کیوں کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف بھگوڑے نہیں ہیں ۔ پرویز مشرف عدالت کی اجازت سے قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے بیرون ملک گئے ہیں اور جلد وہ پاکستان آکر عوام کے درمیان ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف مقبول ترین عوامی رہنما ہیں ۔ انہوں نے بطور صدر مملکت اور آرمی چیف اپنے دورے حکومت میں ملک کی ترقی کے لیے مثالی خدمات انجام دی ہیں ۔ ان کا نعرہ سب سے پہلے پاکستان آج بھی عوامی نعرہ ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بے نظیر بھٹو کے قتل کے حوالے سے پرویز مشرف نے جو اصل حقائق قوم کے سامنے رکھے ہیں ، سپریم کورٹ ان حقائق پر سوموٹو ایکشن لے اور بے نظیر بھٹو اور مرتضی بھٹو کے قتل میں ملوث آصف علی زرداری کو گرفتار کرکے ان کے خلاف تحقیقات کی جائیں

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر