امریکہ میں بدترین سیلاب اور طوفان کے بعد اس پاکستانی شہری نے ایسا کام کر دیا کہ پورے امریکہ کا دل جیت لیا، پاکستانیوں کا سرفخر سے بلند کردیا
واشنگٹن(نیوز ڈیسک)مغربی ممالک میںمسلمانوں کے خلاف کون سی زیادتی ہے جو نہیں کی جاتی، لیکن امریکہ میں آنے والے حالیہ سمندری طوفان کے دوران مسلمانوں نے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کی ایسی روشن مثالیں قائم کی ہیں کہ جنہیں مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ امریکی شہر ہیوسٹن میں واقع ریستوران ’چٹخارہ گرل‘ بھی حالیہ طوفانوں کے دنوں میں ایک ایسی ہی خوبصورت مثال پیش کرتا رہا، جسے اپنے پرائے سب ہی سراہ رہے ہیں۔
ویب سائٹ Parhloکے مطابق اس ریسٹورنٹ کے مالک پاکستانی نژاد شہری سید عامر نے طوفان و سیلاب کے متاثرین کو مفت کھانا فراہم کرنے کا فیصلہ کیا اور پھر جتنے بھی ضرورت مند ان کے دروازے پر آئے سب کو مفت کھانا کھلایا۔ ریاست ٹیکساس 17 اگست سے 3ستمبر تک طوفانوں کی زد میں رہی اور سیلاب کی وجہ سے ہزاروں گھر متاثر ہوئے۔ ایک اندازے کے مطابق تقریباً 30 ہزار افراد کو اپنے گھر چھوڑنا پڑے۔ اس موقع پر سید عامر نے اپنی ٹیم کے ساتھ 6ہزار سے زائد افرا دکو مفت کھانا فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔
انہوں نے بریانی اور نان کے بے شمار ڈبے تیار کرکے متاثرین میں مفت تقسیم کئے۔ ان کے اس شاندار کارنامے کا نتیجہ ہے کہ ریاست ٹیکساس میں اب شاید ہی کوئی ایسا شخص ہو جو چٹخارہ گرل اور سید عامر کے نام سے واقف نہیں، بلکہ پورے امریکہ میں ان کی نیک دلی اور انسان دوستی کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔