بھارت دریائے راوی اور ستلج میں آج پانی چھوڑ سکتا ہے، قریبی اضلاع متاثر ہونے کا خدشہ
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) سیلاب کی پیشگوئی کرنے والے ادارے (ایف ایف ڈی) نے خبردار کیا ہے کہ بھارت آج دریائے راوی اور ستلج میں پانی چھوڑ سکتا ہے جس سے نارووال ، لاہور اور سیالکوٹ کے اضلاع متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
فلڈ فار کاسٹنگ ڈویژن کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ دریائے راوی اور ستلج کے علاقوں میں شدید بارش کا امکان ہے جبکہ بھارت آج دریاؤں میں پانی چھوڑ سکتا ہے جس سے لاہور، نارووال اور سیالکوٹ کے اضلاع متاثر ہوسکتے ہیں۔ ایف ایف ڈی نے کہا ہے کہ دریائے جہلم اور چناب میں سیلاب کا خطرہ نہیں ہے۔
دوسری جانب آج صبح سے ہی پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد لاہور کا موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ شکرگڑھ، قصور اور ظفر وال میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور،گوجرانوالہ ڈویژن ، راولپنڈی، ساہیوال ڈویژن میں مزید بارش کا امکان ہے جب کہ مالاکنڈ، ہزارہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔