شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے فوجیوں کی نماز جنازہ اداکردی گئی،آرمی چیف اور اعلیٰ حکام کی شرکت
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن) شمالی وزیرستان میں گزشتہ روز شہید ہونے والے سات فوجی اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے سات اہلکار شہید ہوئے تھے جن کی نماز جنازہ پورے فوجی اعزاز کے ساتھ پاک فوج کے ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت فوجی افسران، شہدا کے اہل خانہ اور جوانوں نے بھی شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد شہدا کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں جہاں ان کی تدفین پورے فوجی اعزاز کےساتھ کی جائے گی۔شہید ہونے والی فوجی اہلکاروں میں کیپٹن جنید کا تعلق مری سے ہے جو غیر شادی شدہ ہیں جبکہ حوالدار عبدالرزاق کا تعلق استور سے ہے جنہوں نے اہلیہ اور پانچ بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔
شہید حوالدار امیر کا آبائی تعلق گلگت سے ہے اور انہوں نے سوگواران میں اہلیہ، دو بیٹے اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے جبکہ شہید حوالدار نصیر کا تعلق دیامیر چلاس سے ہے اور ان کے سوگواران میں والدہ اور اہلیہ شامل ہیں۔حوالدار آصف کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے ہے، ان کے سوگواروں میں والدین، اہلیہ، سات بہنیں اور ایک بھائی شامل ہیں جبکہ شہید ہونے والے سپاہی سمیع اللہ کا تعلق ہنزہ، گلگت بلتستان سے ہے۔پاک فوج کی جاری کردہ تفصیل کے مطابق شہید سپاہی انور جان کا آبائی تعلق بھی گلگت بلتستان سے ہے۔