بھارت خوش فہمی میں مبتلا ہے کہ پاکستان کو کمزور کرکے آگے بڑھ سکتا ہے: فواد چوہدری
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت خوش فہمی میں مبتلا ہے کہ پاکستان کو کمزور کرکے آگے بڑھ سکتا ہے،بھارت کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ اندرونی اسکینڈلز میں پھنسا ہوا ہے ،بھارت اپنی جنگ خودلڑے،اپنے اندرونی سیاسی معاملات خوددیکھو جبکہ پاکستان نے امن کی بات کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہناتھا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ لاہور چل رہاہے ،انکی ملاقاتیں جاری ہیں ، وزیراعظم کی زیر صدارت پہلی میٹنگ بلدیاتی نظام سے متعلق ہے،موجودہ بلدیاتی نظام آئین کی شرط پوری نہیں کرتا،میٹرو بسوں کو چلانے کیلئے 8 ارب روپے حکومت کو سالانہ دینا پڑتے ہیں۔شہباز شریف نے ایک لاکھ 10ہزار کروڑ روپیہ خرچ کیا،لاہور میں اتنا پیسہ لگا پھر بھی بارش کا پانی جمع ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ بلدیاتی نظام کی بنیاد ایسی رکھی گئی کہ وزرائے اعلیٰ ڈکٹیٹربن جائیں،جب تک نظام تبدیل نہ کیاجائے معاملہ آگے نہیں بڑھے گا،نئے بلدیاتی نظام میں منتخب نمایندہ بااختیار ہوگا۔خیبرپختونخوا میں ویلج کونسل کا تجربہ کیا گیا ،ویلج کونسل ایک چھوٹا یونٹ ہے،ویلج کونسل بنائی جائے یا یونین کونسل کا سائز ریویو کیا جائے جبکہ پنجاب کے کا بینہ اجلاس کی صدارت وزیراعظم نے کی اوروزرا کوٹارگٹس دیے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہناتھا کہ ہم چاہتے ہیں ہماری حکومت ن لیگ کی حکومت سے مختلف ہو اور عوامی نمائندوں پر مشتمل ہو،مسلم لیگ ن سے جب بھی رکارڈ مانگاگیا تو وہاں آگ لگ جاتی تھی،وزیراعظم نے کہا ہے کہ جہاں جہاں آگ لگی وہاں تحقیقات کی جائیں۔نواز شریف پاناما میں پھنسے تو مودی رافیل سکینڈل میں پھنس گئے ہیں،نواز شریف کا سیاسی مستقبل نہیں وہ ذاتی مستقبل کے لئے دعا کریں ۔ہل میٹل کیس میں ایک کک کے اکاؤنٹ میں 16کروڑ روپیہ آیا،وہاں سے80 کروڑ روپیہ مریم نواز کے پاس گیا،یہ قوم کا پیسا واپس لے آئیں قوم کو واپس کردیں ہماری لڑائی ختم ہوجائے گی،نوازشریف صاحب سے ہماری ذاتی لڑائی نہیں ہے۔