وزیر اعظم کے سرکاری افسران سے خطاب کے دوران ایسا کمال کردیا گیا کہ جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان کے سرکاری ملازمین سے خطاب کے دوران سرکاری کیمرہ مین نے اپنی توجہ وزیر اعظم کے ڈائس پرمرکوز رکھی اور تقریب میں موجود سرکاری افسران کی ایک جھلک بھی نہ دکھائی جس سے پتہ چلتا کہ وزیر اعظم کسی تقریب سے خطاب کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے سرکاری ملازمین کے خطاب کے دوران سرکاری کیمرہ مین نے کمال کردیا ،پی ٹی وی پر نشر کئے جانیوالے آدھ گھنٹہ سے زائد کے خطاب میں سرکاری افسران کا مجمع جس سے وزیر اعظم مخاطب تھے کی ایک جھلک بھی دکھائی نہیں دی جس سے پتہ چلتا کہ وزیر اعظم سرکاری ملازمین سے خطاب کررہے ہیں۔ کیمرہ مین نے اپنی توجہ مسلسل وزیر اعظم کے ڈائس پر مرتکز کئے رکھی جس کی وجہ سے ملک بھر سے وزیر اعظم کا خطاب دیکھنے والے ناظرین اس بات کابالکل اندازہ نہ کرسکے کہ وہ کونسا مجمع ہے جس سے وزیر اعظم خطاب کررہے ہیں۔ وزیر اعظم کا سرکاری افسران سے خطاب ہوبہو اس انداز میں نشر کیا گیا جس طرح خاص مواقع پر سربراہان مملکت سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہیں۔