کسی کو بھی اپنے وطن کی خود مختاری پر ہاتھ ڈالنے اور سعودی امن کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی:شہزادہ محمد بن سلمان
ریاض(ڈیلی پاکستان آن لائن)سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہاہے کہ ہم کسی کو بھی اپنے وطن کی خود مختاری پر ہاتھ ڈالنے اور مملکت کے امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے،شدت پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ رواداری اور درگزر کے حامل ہمارے عقیدے کو اپنے ناپاک عزائم مقاصد پورے کرنے کے لیے استعمال کرے۔
عرب میڈیا کے مطا بق سعودی عرب 88 ویں یوم تاسیس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ کہ آج ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہمارے وطن نے بین الاقوامی، اسلامی اور عرب دنیا کی سطح پر اپنا مقام بنایا،سعودی عرب علاقائی اور بین الاقوامی امن میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے،سعودی عرب نے ریاستی اداروں کے عمل کے ذریعے اقتصادی ترقی کے میدان میں کامیابیاں حاصل کیں ہیں اور اس دھرتی کے بیٹوں اور بیٹیوں کی کوششوں سے سماجی امن کا حصول ممکن بنایا۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانی اور کرپشن کے خاتمے کے لئے سعودی حکومت نے شفافیت اور انصاف پر مبنی بنیادی اصولوں اور اقدامات کا سہارا لیا، اس وقت مملکت ویژن 2030 کے اہداف کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے کوشاں ہے اور یہ پروگرام سعودی مملکت کو ترقی یافتہ صف اوّل کے ممالک کے درمیان لا کھڑا کرے گا، ترقی اور خوش حالی کا یہ سفر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی قیادت میں جاری و ساری ہے۔شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ا للہ رب العزت نے مملکت سعودی عرب کو الحرمین الشریفین اور حجاج و معتمرین کی خدمت کا عظیم شرف بخشا ہے اور مملکت اس سلسلے میں اعلی ترین خدمات پیش کرنے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں چھوڑتی، ہماری اس سرزمین سے اسلام کے سفر کا آغاز ہوا اور یہاں سے نبوت کی روشنی پھیلی،سعودی مملکت مکمل اعتدال کے ساتھ دین حنیف پر ثابت قدمی کے ساتھ جمی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ شدت پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ رواداری اور درگزر کے حامل ہمارے عقیدے کو اپنے ناپاک عزائم مقاصد پورے کرنے کے لیے استعمال کرے، ہم کسی کو بھی اپنے وطن کی خود مختاری پر ہاتھ ڈالنے یا ہمارے امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے، آج ہم ہر میدان میں دھرتی کے فرزندان کی کوششوں کو سراہتے ہیں جن میں ہمارے فوجی اور سکیورٹی فورسز کے اہل کار سرفہرست ہیں، انہوں نے وطن اور دین کے تحفظ کے لیے دلیرانہ قربانیاں پیش کی ہیں۔