روس سے جنگی سامان خریدنے پر پابندی لگانے کا رد عمل،چین نے امریکا کے ساتھ عسکری مذاکرات منسوخ کر دیے
بیجنگ(ڈیلی پاکستان آن لائن)چینی حکومت نے بیجنگ میں متعین امریکی سفیر کو طلب کر کے مطلع کیا ہے کہ اگلے ہفتے ہونے والے دونوں ملکوں کے فوجی مذاکرات کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین نے یہ فیصلہ امریکا کی جانب سے ایک چینی فوجی ادارے اور اُس کے سربراہ پر روس سے جنگی طیارے خریدنے پر پابندیاں عائد کرنے کے جواب میں کیا ہے۔ چینی حکومت نے کہا ہے کہ امریکا کے دورے پر گئے ہوئے چینی نیول چیف کو بھی واپس بلا لیا گیا ہے، بیجنگ حکومت نے امریکی سفیر کو مطلع کیا کہ چینی فوج مزید کوئی بھی جوابی قدم اٹھانے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔